پرانے شہر پر مجلس کی گرفت کمزور پڑنے لگی!

   

شہر میں سیاسی تبدیلیاں موضوع بحث ، بیرسٹر اویسی کا پتلہ نذر آتش کرنے کی مذمت
حیدرآباد۔21۔نومبر(سیاست نیوز) شہر حیدرآباد کے سیاسی منظر نامہ میں ریکارڈ کی جانے والی تبدیلیاں دونوں شہروں حیدرآبادو سکندرآباد کے عوام میں موضوع بحث بنی ہوئی ہیں ۔ مجلسی قیادت کو بغیر کوئی عہدہ رکھے سیاسی چیالنج اور ان کی کارکردگی کو کھل کر سوشل میڈیا پر نشانہ بنائے جانے کے علاوہ سڑک پر ان کے بیانات کے خلاف کئے جانے والے احتجاج پر مختلف گوشوں سے تبصرے کئے جا رہے ہیں اور یہ دعویٰ کیا جا رہاہے کہ پرانے شہر پر مجلس کی گرفت کمزور پڑنے لگی ہے۔ شاہ علی بنڈہ ‘ لال دروازہ چوراہے پر ضلع کانگریس کمیٹی کی جانب سے صدر مجلس بیرسٹر اسدالدین اویسی کا پتلہ نذرآتش کئے جانے کی بعض گوشوں کی جانب سے مذمت کی جا رہی ہے تو بعض گوشوں نے بیرسٹراسدالدین اویسی کے اترپردیش میں کانگریس کی خاتون قائد کوٹا نیلیما سے متعلق ریمارکس کو نازیبا قرار دیا ہے ۔ اسی طرح کچھ لوگ اس بات پر حیرت کا اظہار کر رہے ہیں کہ آخر شاہ علی بنڈہ علاقہ میں بیرسٹراسدالدین اویسی کا پتلہ نذرآتش کرنے کی جرأت کس طرح کی گئی اور حکومت تلنگانہ سے مجلس کے بہتر تعلقات کے باوجود کانگریس قائدین آخر کیوں بیرسٹراویسی کو نشانہ بنا رہے ہیں!اسی طرح چند یوم قبل حیدرآباد یوتھ کریج کے سلمان خان کو جس وقت حراست میں لیا جا رہاتھا اس وقت سلمان خان نے جس انداز میں اسداویسی کو چیالنج کیا ہے اس پر حیرت کا اظہار کیا جا رہاہے حالانکہ سوشل میڈیا پر سلمان خان جس انداز میں مجلس اتحادالمسلمین کی قیادت کو نشانہ بنا رہا ہے اس بات سے شہری واقف ہیں۔ بیرسٹر اویسی کے اترپردیش میں رکن پارلیمنٹ کانگریس و ترجمان آل انڈیا کانگریس کمیٹی پون کھیرا کے ساتھ ان کی اہلیہ کوٹا نیلیما پر کئے گئے ریمارکس کے ساتھ ہی شہر حیدرآباد کے مختلف علاقوں بالخصوص صنعت نگر اور پرانے شہر میں اسدالدین اویسی کے خلاف احتجاج کا آغاز ہوگیاتھا۔ مجلس کے مضبوط قلعہ پرانے شہر میں بیرسٹراسدالدین اویسی کے خلاف احتجاج اور ان کا پتلہ نذرآتش کئے جانے کا واقعہ پرانے شہر کے عوام کے لئے حیرت کا باعث بنا ہوا ہے کیونکہ پرانے شہر میں اسداویسی کا پتلہ نذرآتش کئے جانے کی کوئی توقع نہیں کرسکتالیکن اب پرانے شہر میں بیرسٹر اسداویسی کا صدر ضلع کانگریس کمیٹی سید اللہ خالد نے پتلہ نذرآتش کرتے ہوئے اس بھر م کو توڑ دیا اس کے ساتھ ہی سوشل میڈیا پر سیف اللہ خالد کو نشانہ بناتے ہوئے ان پر الزامات عائد کئے جانے لگے ہیں اور انہیں تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے حالانکہ صدر پردیش کانگریس و رکن قانون ساز کونسل مہیش کمار گوڑ نے بھی بیرسٹراسدالدین اویسی پر شدید تنقید کرتے ہوئے ان سے کوٹا نیلیماسے معذرت خواہی کا مطالبہ کیا ہے۔3/a/b