حیدرآباد۔/16 فروری، ( سیاست نیوز) حکومت آندھرا پردیش نے پروفیسر فضل الرحمن ڈائرکٹر یو جی سی ہیومن ریسورس ڈیولپمنٹ سنٹر مولانا آزاد اردو یونیورسٹی حیدرآباد کو وائس چانسلر ڈاکٹر عبدالحق اردو یونیورسٹی کرنول مقرر کیا ہے۔ اس ضمن میں پرنسپل سکریٹری اعلیٰ تعلیم جے شیاملا راؤکی جانب سے جی او ایم ایس 9 جاری کیا گیا۔ حکومت کی سفارش پر گورنر بسوا بھوشن ہری چندن نے پروفیسر فضل الرحمن کو چار سالہ میعاد کیلئے عبدالحق یونیورسٹی کرنول کا وائس چانسلر مقرر کرتے ہوئے اعلامیہ جاری کیا ہے۔ تقرر کی تاریخ سے 4 سالہ میعاد کا شمار ہوگا۔پروفیسرپی فضل الرحمن 1998 سے اردو یونیورسٹی سے وابستہ ہیں۔ 2007 میں یو جی سی اکیڈیمی اسٹاف کالج میں پروفیسر ڈائرکٹر سے قبل وہ اسسٹنٹ ڈائرکٹر اور ریڈر کی حیثیت سے خدمات انجام دے چکے ہیں۔ 2019 میں ڈائرکٹر یو جی سی فروغ انسانی وسائل مقرر کیا گیا۔ وہ یونیورسٹی میں کئی عہدوں پر فائز رہے۔ 1993 میں علی گڑھ مسلم یونیورسٹی سے زوالوجی میں پی ایچ ڈی کی تکمیل کی اور تدریس کے علاوہ انتظامی امور کا 27 سالہ تجربہ ہے۔ر