سری نگر۔ 26اگست (یو این آئی) جنوبی کشمیر کے ضلع پلوامہ میں پہلی مرتبہ کرکٹ کا ڈے نائٹ میچ کھیلا گیا جسے دیکھنے کے لئے ہزاروں شائقین اسپورٹس اسٹیڈیم میں اُمڈ پڑے ۔ پی ڈی پی ممبر اسمبلی وحید پرہ نے اس میچ کو وادی کے نوجوانوں کے لئے ایک نئی اننگز کا آغاز قرار دیا۔ یو این آئی نامہ نگار کے مطابق رائل پریمیئر لیگ کے افتتاحی میچ میں رائل گڈوِل اور سلطان اسپرنگز بارہ مولہ کی ٹیمیں مدمقابل ہوئیں۔ ٹورنمنٹ میں جموں و کشمیر کے مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والی 12 ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں اور تمام مقابلے فلڈ لائٹس میں کھیلے جائیں گے ۔ پی ڈی پی کے مقامی ممبر اسمبلی وحید الرحمن پرہ، جو خود بھی تماشائیوں میں موجود تھے ، نے کہا کہ یہ ٹورنمنٹ محض ایک کرکٹ میچ نہیں بلکہ امید اور مواقع کی نئی کرن ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ پہلا موقع ہے جب کشمیر میں، بالخصوص پلوامہ میں ڈے نائٹ کرکٹ میچ کھیلا جا رہا ہے ۔ یہ وادی کے اُن نوجوانوں کے لئے نئی شروعات ہے جو ماضی قریب میں بے روزگاری اور غیر یقینی صورتحال کے باعث مایوسی کا شکار تھے ۔ کھیل ہی وہ راستہ ہے جو نوجوانوں کو منشیات اور ڈپریشن سے دور لے جا کر ایک مثبت مستقبل دے سکتا ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ اسٹیڈیم میں جموں و کشمیر کے مختلف حصوں سے لوگوں کی ریکارڈ تعداد میں موجودگی اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ کھیل وادی کے عوام کے لئے خوشی اور یکجہتی کا ذریعہ ہے ۔ ٹورنمنٹ کے منتظمین کے مطابق اس اقدام کا مقصد مقامی کھلاڑیوں کو پلیٹ فارم مہیا کرنا ہے تاکہ وہ اپنے ٹیلنٹ کو پروفیشنل سطح پر پیش کر سکیں۔ مقامی شہریوں نے بھی اس اقدام کو خوش آئند قرار دیا۔ ایک مقامی شہری ریاض احمد نے یو این آئی کو بتایا کہ ضلع پلوامہ جو ماضی میں ملی ٹینسی کا گڑھ رہا ہے ، وہاں اس طرح کا ٹورنمنٹ منعقد ہونا نہایت خوش آئند ہے ۔ اس سے نوجوانوں کو مثبت سمت میں آگے بڑھنے کا موقع ملے گا۔ ایک اور ذی عزت شہری غلام نبی نے کہا کہ ہم جموں و کشمیر انتظامیہ کے شکر گزار ہیں کہ انہوں نے پہلی دفعہ پلوامہ میں ڈے نائٹ ٹورنمنٹ کا انعقاد کیا۔ ہمیں پورا یقین ہے کہ اس سے مقامی کھلاڑیوں کو نہ صرف تجربہ ملے گا بلکہ وہ قومی سطح پر کھیلنے کے قابل بھی بنیں گے ۔