حیدرآباد ۔27۔ مئی (سیاست نیوز) تلنگانہ حکومت نے شہر حیدرآباد کے پبلک ٹرانسپورٹ سسٹم میں نئے اور ماحول دوست انقلاب کا آغاز کیا ہے۔ ریاستی وزیر ٹرانسپورٹ پونم پربھاکر نے کوکٹ پلی بس ڈپو کے لئے مختص 60 نئی جدید الیکٹرک بسوں کا ہری جھنڈی دکھاکر افتتاح کیا ہے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیر ٹرانسپورٹ نے واضح کیا کہ کانگریس حکومت ایک طویل مدتی اور پائیدار مقصد کے ساتھ ریاست میں بڑے پیمانہ پر الیکٹرک بسوں کو فروغ دے رہی ہے۔ تاکہ شہر حیدرآباد کو مستقبل میں قومی راجدھانی دہلی کی طرح شدید غذائی آلودگی کا شکار ہونے سے بچایا جاسکے۔ انہوں نے ماحولیاتی تحفظات کو وقت کی اہم ضرورت قرار دیتے ہوئے گرین موبلیٹی پر زور دیا۔ پونم پربھاکر نے بین الاقوامی سطح پر ایندھن کی قیمتوں پر ہونے والے مسلسل اضافہ پر گہری تشویش کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ پٹرول اور ڈیزل کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کے باعث ٹرانسپورٹ کے پورے نظام پر سنگین معاشی اثرات مرتب ہورہے ہیں اور آر ٹی سی کارپوریشن پر مالی بوجھ بڑھ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ الیکٹرک بسوں کے بڑے پیمانہ پر استعمال سے نہ صرف ایندھن کے بھاری اخراجات میں نمایاں کمی آئے گی بلکہ آر ٹی سی کو مالی بوجھ اور خسارہ سے نجات دلانے میں بھی مدد ملے گی۔ یہ اقدام کارپوریشن کو خود کفیل بنانے کی جانب سے ایک بڑا قدم ہے۔ وزیر ٹرانسپورٹ نے یقین دلایا کہ ان کی حکومت تلنگانہ اسٹیٹ روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن کے ملازمین اور کارکنوں کی فلاح و بہبود کیلئے پوری طرح پابند عہد ہے۔ انہوں نے آر ٹی سی ملازمین کے حقوق کے تحفظ کا اعادہ کرتے ہوئے ایک بڑا اور واضح تیقن دیا کہ آر ٹی سی کو باقاعدہ طور پر سرکاری محکمہ میں ضم کرنے کا عمل جلد سے جلد مکمل کیا جائے جس سے کارکنوں کا طویل عرصہ سے جاری انتظار ہمیشہ کیلئے ختم ہوجائے۔ اس کے علاوہ انہوں نے ملازمین کے مسائل کو حل کرنے کیلئے خصوصی مکانزم کا بھی اعلان کیا۔2/k