عوام کو راحت کیلئے ٹیکسوں میں کمی ضروری، عزیز پاشاہ اور دوسروں کا خطاب
حیدرآباد۔/7 نومبر، ( سیاست نیوز) مرکزی حکومت کی جانب سے پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں کمی کے باوجود تلنگانہ کی ٹی آر ایس حکومت کی جانب سے ٹیکس میں کمی نہ کرنے پر سی پی آئی کی جانب سے نارائن گوڑہ میں احتجاجی دھرنا منظم کیا گیا۔ سابق رکن راجیہ سبھا سید عزیز پاشاہ نے حکومت سے ویاٹ میں کمی کے ذریعہ عوام کو راحت پہنچانے کا مطالبہ کیا اور کہا کہ تلنگانہ حکومت پٹرول اور ڈیزل پر زائد ٹیکس حاصل کرنے والی ملک کی دوسری ریاست ہے۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے نام نہاد دیوالی گفٹ کے نام پر پٹرول اور ڈیزل کی قیمت میں 5 تا 10 روپئے کی کمی کی ہے جبکہ مئی 2020 سے 36 روپئے کا اضافہ کیا گیا۔ نریندر مودی نے جس وقت اقتدار سنبھالا ملک میں پٹرول کی قیمت 72.26 روپئے فی لیٹر تھی اور بین الاقوامی مارکٹ میں تیل کی قیمت 105.71 ڈالر تھی۔ انہوں نے کہا کہ عوام 100 روپئے میں 63 روپئے مرکز اور ریاست کو بطور ٹیکس ادا کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں لوک سبھا اور اسمبلی نشستوں کے حالیہ ضمنی چناؤ میں عوام نے بی جے پی کو شکست دیتے ہوئے اپنی ناراضگی کا اظہار کیا ہے۔ جنرل سکریٹری ریاستی انٹک وی ایس بوس نے کہا کہ مودی و کے سی آر حکومتیں عوام کو دھوکہ دے رہی ہیں۔ انہوں نے مرکزی حکومت سے ٹیکسس میں مزید کمی کا مطالبہ کیا۔ ای ٹی نرسمہا نے کہا کہ کے سی آر حکومت اپریل 2021 سے ماہانہ 1200 کروڑ وصول کررہی ہے۔ کرناٹک اور ٹاملناڈو میں پٹرولیم اشیاء کی قیمتیں تلنگانہ سے کم ہیں۔ احتجاج میں شنکر نائیک، نرسمہا، منان رضوی، شیخ ندیم، سہیل ایڈوکیٹ، خلیل اللہ، محمد سلیم، محمد محمود ، امینہ بی اور دوسروں نے حصہ لیا۔ر