چیف منسٹر ریونت ریڈی 15 جنوری کو ڈاوس روانہ ہونگے

   

سرمایہ کاروں سے تبادلہ خیال ہوگا، لندن میں بھی تلگو عوام اور سرمایہ کاروں سے ملاقات ہوگی
حیدرآباد 13 جنوری (سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی 15 تا 19 جنوری ڈاوس میں ہونے والی بین الاقوامی سرمایہ کاری کانفرنس میں شرکت کریں گے اور مختلف ممالک کو تلنگانہ میں کمپنیاں قائم کرنے اور سرمایہ کاری کی دعوت دیں گے۔ ورلڈ اکنامک فورم کانفرنس میں 100 سے زیادہ تجارتی و سیاسی قائدین شرکت کریں گے ۔ اس مرتبہ فرم لیاب ٹو لائف سائنس ان ایکشن کے عنوان سے کانفرنس ہوگی ۔ کانفرنس میں مرکزی وزرا کے ساتھ ٹاملناڈو، کرناٹک، مہاراشٹرا، اترپردیش، چھتیس گڑھ سے وزراء اور عہدیدار بھی حصہ لیں گے۔ تلنگانہ سے چیف منسٹر ریونت ریڈی، وزیر آئی ٹی و صنعت ڈی سریدھر بابو پر مشتمل 8 رکنی وفد دورہ کریگا۔ کانفرنس میں ہونے والے پیانل مباحث میں حصہ لیں گے اور میڈیسن، ٹرانسپورٹ، مینوفکچرنگ، الیکٹرانکس، فارما، مصنوعی ذہانت (A1) کے بشمول مختلف اسٹارٹ اپ سیکٹرز سے متعلق موضوعات کی وضاحت کریں گے۔ چیف منسٹر سرکردہ کمپنیوں کے بانی اور سی ای او سے ملاقات کریں گے۔ چیف منسٹر 18 جنوری کو دوپہر تک ڈاوس میں رہیں گے وہاں سے وہ لندن روانہ ہونگے جہاں وہ کئی کمپنیوں کے نمائندوں، سرمایہ کاروں، سربراہان اور چند سی ای اوز سے ملاقات کریں گے۔ اس کے علاوہ لندن میں تلگو عوام سے ملاقات کرینگے ۔ 20 جنوری کو ان کی واپسی ہوگی اور 21 جنوری کو ریاست پہنچ جائیں گے۔ ریونت ریڈی چیف منسٹر بننے کے بعد پہلی مرتبہ بیرونی ممالک کا دورہ کر رہے ہیں۔ ایک ہفتہ میں دو ممالک میں مصروف رہینگے۔ ریونت ریڈی کو سوئزرلینڈ میں 54 ویں عالمی اقتصادی فورم کیلئے بھی دعوت نامہ ملا ہے۔2