حیدرآباد :19 اگست ( سیاست نیوز)چیف منسٹر ریونت ریڈی دو ممالک کے بیرونی دورہ پر آج رات نئی دہلی سے لندن کیلئے روانہ ہوگئے ۔ چیف منسٹر 29 اگست تک برطانیہ اور امریکہ کا دورہ کریں گے ۔ تلنگانہ میں سرمایہ کاری کے امکانات تلاش کرنے کے علاوہ بیرونی یونیورسٹیز کو تلنگانہ میں اپنے کیمپس قائم کرنے کی ترغیب کے سلسلہ میں چیف منسٹر دونوں ممالک کے صنعت کاروں اور اہم یونیورسٹیز کے ذمہ داروں سے ملاقات کریں گے ۔ شیڈول کے مطابق چیف منسٹر 20 اگست کو لندن میں مجلس کے فلور لیڈر اکبر اویسی کی دختر کی شادی کی تقریب میں شریک ہوں گے ۔ 21اگست کو وہ آکسفورڈ یونیورسٹی کے اسکول آف گورننس کا دورہ کریں گے ۔ ریونت ریڈی اُسی دن شام ای پی ایل فٹ بال پریزنٹیشن کا مشاہدہ کرتے ہوئے برطانوی اداروں سے اسپورٹس کے شعبہ میں اشتراک پر بات چیت کریں گے ۔ 22اگست کو ریونت ریڈی کیمبرج یونیورسٹی ، یونیورسٹی آف لندن کے سینٹ ہاؤز کے علاوہ لندن بزنس اسکول کا دورہ کریں گے ۔ 24 اگست کو امریکہ کے بوسٹن میں ہارورڈ یونیورسٹی اور ایم آئی ٹی میں ماہرین تعلیم سے ملاقات کریں گے اور 25 اگست کو نیویارک کی نارتھ ایسٹرن کیمپس اور ورجینیا ٹیک یونویرسٹی کا دورہ کریں گے ۔ چیف منسٹر 26 اگست کو انڈین اوورسیز کانگریس کے اجلاس سے خطاب کریں گے اور 29اگست کو نیویارک سے حیدرآباد کیلئے واپس ہوں گے ۔1/S