حیدرآباد و اضلاع کے مساجد و عیدگاہوں میں پینے کے پانی اور ضروری انتظامات کرنے عہدیداروں کو ہدایت
حیدرآباد ۔27۔ مئی (سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی نے عیدالاضحی کے مقدس اور پُر مسرت موقع پر ریاست اور دنیا بھر میں بسنے والے تمام مسلمان بھائیوں اور بہنوں کو اپنے اور اپنی حکومت کی جانب سے دلی مبارکباد پیش کی۔ اپنے پیغام میں چیف منسٹر نے کہا کہ یہ عید دراصل بے مثال قربانی ، ایثار خدا کی بارگاہ میں کامل وفاداری اور گہری عقیدت کا ایک لازوال استعارہ ہے۔ انہوں نے یاد دلایا کہ پوری دنیا کے مسلمان اس عید کو انتہائی مذہبی عقیدت و احترام اور روایتی جوش و خروش کے ساتھ مناتے ہیں جس کا مقصد انسانی تاریخ کے اس عظیم واقعہ اور جذبہ کو تازہ کرنا ہے جو ہمیں انسانیت اور حق کی خاطر ہر بڑی سے بڑی قربانے کیلئے ہمیشہ تیار رہنے کا درس دیتا ہے۔ چیف منسٹر نے عیدالاضحی کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ یہ عید ہر انسان کو زندگی میں قربانی، ایثار ، سچے ایمان اور اعلیٰ انسانی اقدار کی پاسداری کرنے کی مستقل یاد دہانی کرواتا ہے۔ چیف منسٹر نے اس امید کا اظہار کیا کہ عیدالاضحی کے اس مقدس موقع پر ریاست تلنگانہ میں گنگا جمنا تہذیب ، باہمی رواداری ، امن و امان اور خوشحالی کیلئے نئے دور کا آغاز کرے گی۔ انہوں نے انتظامیہ اور پولیس حکام کو بھی سخت ہدایتیں جاری کی ہے کہ عید کے پیش نظر ریاست بھر میں بالخصوص حیدرآباد و تمام اضلاع کی مساجد و عیدگاہوں کے پاس پینے کے پانی ، صاف صفائی و سیکوریٹی کے تمام ضروری اور ٹھوس انتظامات کئے جائیں تاکہ مسلم برادری کے لوگ بنا کسی دشواری کے اس پرمسرت عید کی خوشیاں مناسکیں۔2/k/m/b