چیف منسٹر کے نیچے گرنے کی اطلاعات غلط

   

شخصی معالج ڈاکٹر ایم وی راؤ کی وضاحت، ہاسپٹل پر ارکان خاندان اور قائدین کا ہجوم
حیدرآباد۔11۔ مارچ (سیاست نیوز) چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کی خرابیٔ صحت کے بارے میں اطلاعات کے عام ہوتے ہی ریاستی وزراء اور عوامی نمائندوں نے یشودھا ہاسپٹل کا رخ کیا۔ چیف منسٹر کو معائنہ کیلئے منتقلی کی تصاویر جیسے ہی سوشیل میڈیا اور الیکٹرانک میڈیا میں وائرل ہوئیں، ریاست کے مختلف حصوں سے تلنگانہ بھون اور پرگتی بھون کو فون کالس کا سلسلہ شروع ہوگیا۔ اسمبلی اجلاس میں موجود وزراء بے چینی کے عالم میں ہاسپٹل پہنچ گئے ۔ عوامی نمائندوں ، قائدین اور کارکنوں کے درمیان کے سی آر کی صحت کے بارے میں استفسار کیا جارہا تھا ۔ ہاسپٹل میں معائنوں کے وقت چیف منسٹر کے افراد خاندان اہلیہ شوبھا ، فرزند کے ٹی آر ، دختر کویتا ، پوترے ہیمانشو، رکن راجیہ سبھا سنتوش کمار ، وزیر فینانس ہریش راؤ ، وزیر اکسائز سرینواس گوڑ ، رکن کونسل پی راجیشور ریڈی ، ارکان اسمبلی ڈی ناگیندر ، ریڈیا نائک ، ڈی جی پی مہیندر ریڈی ، چیف سکریٹری سومیش کمار ، کمشنر پولیس سی وی آنند ، ڈپٹی کمشنر جویل ڈیویڈ اور دیگر عوامی نمائندے پہنچ چکے تھے۔ سوشیل میڈیا کے بعض گوشوں میں یہ اطلاع دی گئی تھی کہ کے سی آر صبح کے وقت پرگتی بھون میں گر پڑے تھے ، اس بارے میں پوچھے جانے پر چیف منسٹر کے شخصی معالج ڈاکٹر ایم وی راؤ نے کہا کہ ایسا کچھ نہیں ہوا ۔ چیف منسٹر نیچے گرنے کی اطلاع غلط ہے۔ چیف منسٹر کے بائیں ہاتھ میں درد کی شکایت پر ہم نے ہاسپٹل منتقل کرکے معائنے کئے۔ انہوں نے کہا کہ ایک ہفتہ آرام کے بعد چیف منسٹر دوبارہ معمول کی سرکاری مصروفیات کا آغاز کرسکتے ہیں۔ر