ڈاکٹر اوصاف سعید کو وزارت خارجہ میں سکریٹری کے عہدہ پر ترقی

   

آئندہ ماہ نئی ذمہ داری سنبھالیں گے، سعودی عرب میں سفیر کے طور پر 3 سالہ نمایاں خدمات
حیدرآباد۔/16 فروری، ( سیاست نیوز) مرکزی حکومت نے ڈاکٹر اوصاف سعید کی مختلف ممالک میں نمایاں سفارتی خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے وزارت خارجہ میں سکریٹری فار کونسلر، پاسپورٹ، ویزا، اور اوورسیز انڈین افیرس کے عہدہ پر ترقی دی ہے۔ سعودی عرب میں ہندوستانی سفیر کی حیثیت سے دونوں ممالک کے تعلقات میں استحکام میں اہم رول ادا کرنے والے ڈاکٹر اوصاف سعید اپنی نئی ذمہ داری کا آئندہ ماہ جائزہ لیں گے۔ سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، قطر، کویت، بحرین، عمان، یمن اور عراق کے بشمول 22 ممالک ان کے دائرہ کار میں شامل رہیں گے۔ خلیجی تعاون کونسل، عرب لیگ اور ویسٹرن یونین میں وہ ہندوستان کی نمائندگی کریں گے۔ ڈاکٹر اوصاف سعید کا نیا عہدہ سفیر کے عہدہ کے مقابلہ زیادہ اہمیت کا حامل ہے۔ عرب نیوز میں ممتاز صحافی سراج وہاب نے سفارتکار کی حیثیت سے ڈاکٹر اوصاف سعید کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔ ڈاکٹر اوصاف سعید جہاں بھی رہے وہاں انہوں نے ہندوستانی پرچم اور اس کے وقار کو سربلند رکھا۔ ڈنمارک، قطر، یمن اور شکاگو میں انہوں نے ہندوستانیوں کو متحد رکھا۔ سعودی عرب میں ان کی تین سالہ میعاد آزمائشی رہی۔ کورونا بحران کے دوران انہوں نے ہندوستانی تارکین وطن کی مدد کی اسے ہر گوشہ سے سراہا گیا۔ سعودی ۔ انڈین بزنس نیٹ ورک، انڈو سعودی میڈیکل فورم اور سعودی ۔ انڈین فرینڈ شپ سوسائٹی کا قیام ڈاکٹر اوصاف سعید کا کارنامہ ہے۔ ڈاکٹر اوصاف سعید نے نئی ذمہ داری پر مسرت کا اظہار کیا اور کہا کہ ان کی ذمہ داری زیادہ بڑھ چکی ہے۔ انہوں نے کہاکہ آئندہ سال تک موجودہ پاسپورٹ کی جگہ ای۔ پاسپورٹ جاری ہوجائیں گے۔ ہندوستان میں G-22 کانفرنس کا انعقاد عمل میں آئے گا جس میں اوصاف سعید کا اہم رول رہے گا۔ واضح رہے کہ وزارت خارجہ میں سکریٹری کے عہدہ پر اوصاف سعید کے بشمول صرف 2 مسلم عہدیدار فائز ہیں۔ ڈاکٹر اوصاف سعید نے اپنی ذمہ داریوں کے دوران اردو زبان کی ترقی و ترویج اور ادبی محافل اور مشاعروں کے انعقاد کے ذریعہ اردو ماحول کو زندہ رکھا۔ر