ڈنمارک میں ارشدشیخ کو بشمول دوگولڈ 6 میڈلس

   

اوڈینسے، 11 اگست(ایجنسیز) ڈنمارک کے شہر اوڈینسے میں منعقدہ یو سی آئی پیرا اسپورٹ ڈنمارک گراں پری میں ہندوستانی پیرا سائیکلسٹوں نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مجموعی طور پر 12میڈلس حاصل کیے، جن میں 2 گولڈ، 5 سلور اور 5 برونزمیڈلس شامل ہیں۔ تین روزہ ٹریک سائیکلنگ مقابلوں میں ہندوستان کی جانب سے سب سے نمایاں کارکردگی آندھرا پردیش سے تعلق رکھنے والے پیرا اولمپین ارشد شیخ نے پیش کی۔ انہوں نے مختلف مقابلوں میں مجموعی طور پر 6 میڈلس جیتے، جن میں 2 گولڈ، 3 سلور اور ایک برونز میڈل شامل ہے۔ ارشد شیخ نے انفرادی ٹائم ٹرائل میں سلور، 200 میٹر اسپرنٹ میں برونز،ایلیمینیشن ریس میں دو گولڈ، انفرادی پرسیوٹ میں سلور اوراسکریچ ریس میں بھی سلور میڈل حاصل کیا۔ گجرات کی 17 سالہ وِشوا واسانی نے بھی بین الاقوامی سطح پر شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے چار برونز میڈلس جیتے۔ انہوں نے ایک کلومیٹر انفرادی ٹائم ٹرائل، اسکریچ ریس، 200 میٹر اسپرنٹ اور ایلیمینیشن ریس میں برونز میڈلس حاصل کیے۔ دوسری جانب 16 سالہ انشومان دھومل نے ایلیمینیشن ریس میںدوسلور میڈل جیت کر ہندوستانی دستے کی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا۔ اوڈینسے گراں پری میں ہندوستانی کھلاڑیوں کی مجموعی کارکردگی ملک میں پیرا سائیکلنگ کے بڑھتے ہوئے معیار اور نوجوان کھلاڑیوں کی بین الاقوامی سطح پر مسلسل بہتر کارکردگی کی عکاسی کرتی ہے۔ سائیکلسٹوں نے مستقل مزاجی اور بہترین کھیل کا مظاہرہ کیا۔