ڈیانا نے عالمی نمبر ایک سبالینکا کو شکست دی

   

پیرس، 4 جون (آئی اے این ایس) روس کی نوجوان ٹینس اسٹار ڈیانا شنائیڈر نے فرنچ اوپن خواتین سنگلزکے کوارٹر فائنل میں حیران کن کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے عالمی نمبر ایک اور ٹاپ سیڈ آرینا سبالینکا کو شکست دے کر پہلی مرتبہ کسی گرانڈ سلام ٹورنمنٹ کے سیمی فائنل میں رسائی حاصل کر لی۔ رولان گیروس اسٹیڈیم میں کھیلے گئے اس سنسنی خیز مقابلے میں 25ویں سیڈ ڈیانا شنائیڈر نے ایک سیٹ اور ڈبل بریک سے پیچھے ہونے کے باوجود شاندار واپسی کرتے ہوئے آرینا سبالینکا کو 6-3، 5-7 اور 0-6 سے شکست دی۔ دوگھنٹے اور 12 منٹ تک جاری رہنے والے اس مقابلے نے شائقین کو اپنی نشستوں سے باندھے رکھا۔22 سالہ شنائیڈر ایک وقت میں شکست کے دہانے پرکھڑی دکھائی دے رہی تھیں۔ سبالینکا نے پہلے سیٹ میں بھرپور برتری حاصل کی اور دوسرے سیٹ میں بھی1۔4 کی سبقت لے کر میچ پر اپنی گرفت مضبوط کر لی تھی۔ بعد ازاں وہ دوسرے سیٹ میں 4۔5 کی برتری پر میچ جیتنے سے صرف دو پوائنٹس دور تھیں، لیکن اسی مرحلے پر شنائیڈر نے زبردست واپسی کا آغازکیا۔ بائیں ہاتھ سے کھیلنے والی روسی کھلاڑی نے نہ صرف دباؤکا بہترین مقابلہ کیا بلکہ شاندار شاٹس اور جارحانہ کھیل کے ذریعہ میچ کا رخ یکسر بدل دیا۔ انہوں نے 3-6، 1-4 کے خسارے سے نکلتے ہوئے اگلے 13میں سے 12 گیمز اپنے نام کیے، جبکہ میچ کے اختتامی مرحلے میں مسلسل 10گیمز جیت کر سبالینکا کو سنبھلنے کا کوئی موقع نہیں دیا۔