کار شیڈ کو نہیں سرویسنگ کو گئی ہے : کے ٹی آر

   

بی آر ایس کی سرگرمیاں صرف ٹریلر ، کے سی آر کے میدان سنبھالنے کے بعد اصل فلم شروع ہوگی
حیدرآباد ۔ 12 ۔ جنوری : ( سیاست نیوز ) : بی آر ایس کے ورکنگ پریسیڈنٹ کے ٹی آر نے اسمبلی انتخابات میں پارٹی کی شکست کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے نظم و نسق پر زیادہ توجہ دی ۔ پارٹی کو تنظیمی سطح پر مضبوط کرنے میں زیادہ وقت نہیں دے پائے ۔ پھر بھی کار شیڈ کو نہیں گئی صرف سرویسنگ کے لیے گئی ہے ۔ تلنگانہ بھون میں حلقہ لوک سبھا بھونگیر کے پارٹی قائدین سے خطاب کرتے ہوئے ان خیالات کا اظہار کیا ۔ کے ٹی آر نے کہا کہ ان پر پارٹی کی بہت بڑی ذمہ داری تھی تاہم وہ تنظیمی طور پر پارٹی کو زیادہ طاقتور نہیں بنا سکے پھر بھی پارٹی کیڈر کو مایوس ہونے کی ضرورت نہیں ہے ۔ تلنگانہ کے اسمبلی انتخابات میں عوام نے بی آر ایس کو پوری طرح مسترد نہیں کیا ہے 39 اسمبلی حلقوں پر بی آر ایس کو کامیابی حاصل ہوئی ہے ۔ کار ابھی شیڈس کو نہیں گئی ہے ۔ صرف سرویسنگ کو گئی ہے ۔ بہت جلد سڑکوں پر تیزی سے دوڑے گی ۔ کے ٹی آر نے کہا کہ بی جے پی مذہبی سیاست کو فروغ دیتے ہوئے سیاسی فائدہ اٹھانے کی کوشش کررہی ہے ۔ مگر بی آر ایس بی جے پی کو کبھی اس کے ناپاک عزائم میں کامیاب ہونے نہیں دے گی ۔ کانگریس پارٹی کی جانب سے اسمبلی انتخابات میں بی آر ایس اور بی جے پی کے درمیان خفیہ اتحاد ہونے کی بڑی پیمانے پر تشہیر کی جس میں کوئی سچائی نہیں ہے ۔ بی جے پی سے بی آر ایس کا کبھی اتحاد تھا نہ مستقبل میں رہے گا ۔ بی آر ایس سیکولر نظریات رکھنے والی جماعت ہے اور کبھی فرقہ پرستوں سے اتحاد نہیں کرے گی ۔ کانگریس پارٹی نے 6 گیارنٹی ہی نہیں بلکہ 420 وعدے کئے ہیں ۔ ان وعدوں کی تکمیل کیلئے بی آر ایس عوام کی جانب سے جدوجہد کرتے ہوئے حکومت پر دباؤ بنائے گی ۔ بی آر ایس کے ورکنگ پریسیڈنٹ نے کہا کہ بی آر ایس کیلئے کامیابی اور شکست کوئی نئی بات نہیں ہے ۔ حکومت نے اسمبلی میں گورنر کو جھوٹ بولنے کیلئے مجبور کیا ہے ۔ سابق چیف منسٹر کے سی آر کے خلاف گمراہ کن مہم چلائی گئی ہے ۔ عوام سے کئے گئے وعدوں پر عمل کرنے کے بجائے حکومت وائیٹ پیپر جاری کررہی ہے ۔ کے ٹی آر نے کہا کہ حکومت کے خلاف بی آر ایس کی سرگرمیاں فی الحال ٹریلر ہے کے سی آر کے میدان سنبھالنے کے بعد اصل فلم شروع ہوگی ۔۔ 2