کاماریڈی۔ 27 مئی (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) غیر موسمی بارش سے ہونے والی بے موسم بارشوں نے ضلع کاماریڈی کے کسانوں کو شدید مشکلات سے دوچار کردیا ہے۔ خریدی مراکز پر خشک کرنے کیلئے رکھے گئے دھان اور اناج کی بوریاں بارش کے باعث مکمل طور پر بھیگ گئی ہیں، کل رات کاماریڈی میں زبردست بارش کی وجہ سے کسانوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ہے جس سے کسانوں میں شدید تشویش پائی جارہی ہے۔ آدھی رات کے وقت ہوئی بارش کے سبب کاماریڈی، ماچار یڈی، ایلار یڈی، سداشیو نگر، بانسواڑہ اور دیگر علاقوں کے کسان سخت پریشان ہیں۔ متعلقہ علاقوں میں 3 تا 5 سینٹی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ماچار یڈی منڈل میں رات بھر ہونے والی بارش کے باعث کسانوں کی جانب سے سکھائے جارہے دھان مکمل طور پر خراب ہوگئے۔ بھاری نقصان سے دوچار کسانوں نے شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ماچار یڈی میں احتجاجی دھرنا منظم کیا۔