مکتھل ۔ 20 اگست (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) گاؤں اور مواضعات سے لیکر اسمبلی اور ضلع کی سطح تک ترقیاتی کاموں اور منصوبوں کو ایک جامع پیاکیج کی شکل میں روبہ عمل لانے ریاستی حکومت جو اقدامات کررہی ہے وہ عوام کے سامنے آئینہ کی طرح واضح ہے اس کیلئے ہمیں کسی کے سرٹیفکیٹ کی ضرورت نہیں۔ ہمارے ترقیاتی کاموں پر عوام خود فیصلہ کریں گے۔ ریاستی وزیر پنچایت راج و بہبودی خواتین و اطفال انسویا سیتااکا نے آج مکتھل مستقر ٹاؤن کے دوراکا فنکشن ہال میں ایک بڑے عوامی جلسہ کو مخاطب کرتے ہوئے ان خیالات کا اظہار کیا۔ اس جلسہ کی صدارت ریاستی وزیرحیوانات مسٹر واکٹی سری ہری نے کی۔ ریاستی وزیر پنچایت راج و بہبودی خواتین شریمتی سیتااکا نے جو پہلی مرتبہ مکتھل آئی ہیں، حلقہ اسمبلی مکتھل میں مختلف دیہی علاقوں اور اسمبلی سطح کے تقریباً 174 کروڑ روپئے کے مختلف ترقیاتی کاموں کا سنگ بنیاد اور افتتاح کے بعد منعقدہ ایک بڑے عوامی جلسہ کو مخاطب کیا اور کہا کہ ریاستی وزیر مسٹر سری ہری کی قیادت میں اس علاقہ کے عوام اور پارٹی قائدین نے میرا جس والہانہ انداز میں استقبال کیا اور جو محبتیں مجھ پر نچھاور کیں میں اسے فراموش نہیں کرسکتی۔ ریاستی وزیرحیوانات و یوتھ ویلفیر مسٹر واکٹی سری ہری جن کا تعلق مکتھل مستقر سے ہے اور وہ اسی حلقہ اسمبلی کی نمائندگی کرتے ہیں کہ پچیس سالہ سیاسی مستقر میں جو مکتھل سرپنچ سے آغاز ہوا تھا اور اب ریاستی سطح تک بحیثیت وزیر جاری ہے۔ شریمتی سیتااکا نے مبارکباد پیش کی اور اسی پچیس سالہ کامیاب سیاسی سفر کی تکمیل میں عوامی مسرت اور اس جشن کو عوام کے ان پر بھرپور اعتماد کی دلیل قرار دیا۔ انسویا سیتااکا نے حلقہ اسمبلی مکتھل کے اٹکور منڈل کے موضع ملے پلی میں دو کروڑ کی لاگت سے تعمیر کئے گئے ایک برج کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر ضلع کلکٹر شریمتی پریانکا، ڈاکٹر وینتھ سپرنٹنڈنٹ پولیس ڈی آر ڈی او وینکٹ راملو، ڈی آر او راجیشوری تحصیلدار و دیگر عہدیداروں کے علاوہ پارٹی قائدین موجود تھے۔