پونے ۔ انگلش کرکٹ ٹیم کے کارگذار کپتان جوز بٹلر نے سام کرن کی شاندار 95 رنز کی اننگز کے بعد اپنے کھلاڑی میں ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور لیجنڈری بیٹسمین مہیندر سنگھ دھونی کی جھلک دیکھی ہے۔ ہندوستان کے خلاف گزشتہ روز سیریز کے تیسرے اور آخری مقابلے میں انگلینڈ جب کامیابی کے لئے 330 رنز کے نشانہ کا تعاقب کررہی تھی اس موقع پر مہمان ٹیم 168/6 کی نازک صورتحال سے پریشان تھی لیکن کرن نے 8 ویں نمبر پر بیٹنگ کرتے ہوئے ناقابل تسخیر 95 رنز اسکور کرنے کے علاوہ ایک موقع پر ہندوستان کے منہ سے کامیابی نکالنے کی کوشش بھی کرلی تھی۔ سام نے جوابی وار کرتے ہوئے ایک ایسی اننگز کھیلی جس نے ونڈے میں ان کی صلاحیتوں اور شبیہہ کو تبدیل کردیا ہے۔ اس اننگز کے ضمن میں اظہار خیال کرتے ہوئے جوز بٹلر نے کہا کہ کرن نے ایک غیر معمولی اننگز کھیلی ہے جو مستقبل کے لئے ایک خوش آئند خبر ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ اور ہے کہ انگلینڈ کو اس مقابلے میں کامیابی حاصل نہ ہوسکی لیکن اس اننگز نے کئی مثبت پہلوؤں کو دکھا دیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ امید ہے کہ کرن کی یہ اننگز ان کو ایک نئے آغاز کا موقع فراہم کرے گی اور خاص طور پر مہیندر سنگھ دھونی سے جب وہ آئی پی ایل کے دوران ٹیم میں ملیں گے تو ان کے اس کھیل میں مزید نکھار آئے گا۔ بٹلر کے بموجب کرن کی اس اننگز نے دھونی کی یاد تازہ کردی ہے۔ علاوہ ازیں ہر گذرتے مقابلے کے ساتھ کرن کے مظاہروں میں بہتری ہی آرہی ہے۔ انگلش ٹیم کے کپتان نے کہا کہ کئی کھلاڑیوں کو ساری زندگی اس طرح کے حالات کا سامنا کرنا نہیں پڑتا اور کرن کو کیریئر کے ابتداء میں ہی ایسے حالات مل چکے ہیں جہاں انہوں نے اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا ہے۔ علاوہ ازیں ٹیم کے سبھی کھلاڑیوں نے کرن کی اس اننگز کو کافی تجسس کے ساتھ دیکھا ہے اور میں سمجھتا ہوں کہ اس طرح کے حالات میں کرن تنہا مقابلے کو اپنی ٹیم کے حق میں کر سکتے ہیں۔ بولنگ آل راؤنڈر کرن نے نہ صرف اپنے کیریئر میں بہترین اننگز کھیلی بلکہ اس مقابلے کے دوران انہوں نے ہندوستانی ٹیم کے لئے خطرناک ثابت ہو رہے رشبھ پنت کو بھی اس وقت آؤٹ کیا جب وہ 62 گیندوں میں 78 رنز بناکر کھیل رہے تھے۔ انگلش کپتان نے کہا کہ کرن نے ظاہر کردیا ہیکہ وہ بولنگ ہو یا بیٹنگ دونوں مواقعوں پر ٹیم کے لئے کامیابی دلوانے والا مظاہرہ کرسکتے ہیں جیسا کہ انہوں نے بولنگ میں پنت کو پویلین کی راہ دکھائی۔ ونڈے، ٹوئنٹی 20 یا ٹسٹ ہو ہر کرکٹ میں وہ بڑے کھلاڑیوں کی وکٹ حاصل کرچکے ہیں۔ جس طرح کرن نے مظاہرہ کیا ہے اس پر تمام انگلش ٹیم کو فخر ہے اور آنے والے دنوں میں وہ ٹیم کے لئے ایک بہت بڑا اثاثہ ثابت ہوں گے۔ یادر ہے کہ کرن اس وقت آئی پی ایل میں مہندر سنگھ دھونی کی زیر قیادت چینائی سوپر کنگس کے رکن ہیں اور اس اننگز کے بعد انگلش آل راؤنڈر کو دھونی کے ساتھ اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرنے کے اور موقع ملے گا ۔
روی شاستری کی مبارکباد
پونے ۔ ہیڈ کوچ روی شاستری نے ٹیم کی جانب سے زندگی کے بہترین سیزن کو یقینی بنانے پر کھلاڑیوں کو مبارکباد دی۔ ہندوستانی ٹیم نے متواتر دو بڑی ٹیموں کے خلاف کورونا بحران کے دوران پانچ سیریز اپنے نام کی ہیں۔ دورہ آسٹریلیا پر ٹی 20 اور ٹسٹ سیریز میں کامیابی کے بعد ہندوستانی ٹیم نے گھریلو سیریز میں انگلینڈ کے خلاف تینوں طرز کی سیریز کی ہیٹ ٹرک کی ہے۔ روی شاستری نے اپنے بیان میں کھلاڑیوں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ کورونا بحران کے دوران ہندوستانی ٹیم نے دو بہترین ٹیموں کے خلاف تمام طرز کی کرکٹ میں فتوحات حاصل کی ہیں جس پر ہر کوئی مبارکباد دے قابل ہے۔