سرینگر۔15؍مئی (ایجنسیز )جموں اور کشمیر کے ضلع اونتی پورہ کے ترال علاقے کے نادر میں انکاؤنٹر ہوا جس میں تین عسکریت پسند ہلاک ہوئے ہیں ۔ پولیس اور سکیورٹی فورسز نے یہ کارروائی کی۔ پولیس کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ جنوبی کشمیر کے ترال علاقے میں جمعرات کو دہشت گردوں اور سکیورٹی فورسز کے درمیان تصادم شروع ہوا۔اسی درمیان انسپکٹر جنرل آف پولیس ودھی کمار بردی مقام واقعہ پہنچے ہیں۔ وہ آئی جی پی آرمڈ کشمیر کا اضافی چارج بھی سنبھالے ہوئے ہیں اور نادر ترال میں انکاؤنٹر کے مقام پر پہنچے جہاں صبح سے عسکریت پسندوں اور فورسز کے درمیان تصادم جاری ہے۔انہوں نے مزید بتایا کہ اڑتالیس گھنٹوں کے اندر چھ دہشت گردوں کو مار گرایا گیا ہے جو کہ سکیورٹی ایجینسیوں کیلئے ایک بڑی کامیابی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ تین مقامی دہشت گرد چھپے ہوئے ہیں جن کا تعلق جیش محمد سے ہے۔ پہلگام حملہ کے بعد فوج اور پولیس کشمیر میں چوکسی اختیار کئے ہوئے ہے۔