حیدرآباد 3 نومبر (سیاست نیوز) شہر حیدرآباد کے قریب کوتوال گوڑہ میں یکو پارک میں دنیا کا ایک بڑا چڑیا گھر قائم کیا جارہا ہے جس میں بیرونی ممالک کے 19 مختلف اقسام کے دس ہزار پرندوں کو رکھا جائے گا اور یہ پرندے آسٹریلیا، پیرو، ارجنٹینا، نیوزی لینڈ، امریکہ، چین، جاپان، انڈونیشیا جیسے ممالک کے ہوں گے۔ حیدرآباد میٹرو پولیٹن ڈیولپمنٹ اتھاریٹی (ایچ ایم ڈی اے) کی جانب سے 19 مختلف قسم کے بیرونی ممالک کے پرندے حاصل کرتے ہوئے انہیں اس چڑیا گھر میں رکھا جائے گا۔ ایچ ایم ڈی اے نے اِس اُمید کا اظہار کیاکہ اس یکو پارک میں 6 ایکر پر بنائے جانے والے چڑیا گھر سے پرندوں میں دلچسپی رکھنے والے وزیٹرس کو دنیا بھر کے قسم قسم کے پرندوں کو دیکھنے کا موقع فراہم ہوگا۔ ان پرندوں کو ایک کنٹراکٹر کے ذریعہ حاصل کیا جائے گا جس کا انتخاب ایک ٹنڈر پروسیس کے ذریعہ کیا جائے گا۔