فہرست رائے دہندگان کی عنقریب تیاری، وانی دیوی اور تین مار ملنا کی میعاد مارچ میں ختم ہوگی
حیدرآباد۔ 16 اگست (سیاست نیوز) تلنگانہ میں قانون ساز کونسل کی گریجویٹ زمرہ کی دو نشستوں کے مجوزہ انتخابات پر اہم سیاسی پارٹیوں نے توجہ مرکوز کی ہے۔ حیدرآباد، رنگاریڈی اور محبوب نگر اضلاع کے علاوہ ورنگل، کھمم اور نلگنڈہ اضلاع پر مشتمل گریجویٹ زمرہ کی نشستوں کے ارکان کی میعاد آئندہ سال مارچ میں ختم ہو رہی ہے اور الیکشن کمیشن کی جانب سے آئندہ دو ماہ میں فہرست رائے دہندگان کی تیاری کا کام مکمل ہو جائے گا۔ برسراقتدار کانگریس نے دونوں نشستوں پر کامیابی کی حکمت عملی تیار کرنے کا کام ابھی سے شروع کردیا ہے۔ بی آر ایس اور بی جے پی نے گریجویٹ ایم ایل سی نشستوں پر کامیابی کے لئے اپنی طاقت جھونکنے کی تیاری کرلی ہے۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی کے لئے حیدرآباد، رنگاریڈی اور محبوب نگر اضلاع پر مشتمل نشست وقار کا مسئلہ بن چکی ہے کیونکہ وہ محبوب نگر ضلع سے تعلق رکھتے ہیں۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے فہرست رائے دہندگان کی تیاری کی شیڈول کا ابھی اعلان باقی ہے لیکن تینوں پارٹیوں نے بنیادی سطح پر کیڈر کو متحرک کردیا ہے۔ فہرست رائے دہندگان میں گریجویٹ افراد کے ناموں کی شمولیت کے لئے باقاعدہ مہم کا آغاز کیا جارہا ہے۔ حیدرآباد، رنگاریڈی اور محبوب نگر اضلاع پر مشتمل ایم ایل سی نشست کی نمائندگی بی آر ایس کی وانی دیوی کرتی ہیں جو سابق وزیر اعظم پی وی نرسمہا راؤ کی دختر ہیں۔ ورنگل، کھمم اور نلگنڈہ گریجویٹ نشست پر کانگریس کی تائید سے جہدکار تین مار ملنا نے کامیابی حاصل کی تھی۔ 27 مارچ کو دونوں ارکان کی میعاد ختم ہو رہی ہے۔ کانگریس پارٹی نے دونوں حلقے جات کے لئے امیدواروں کے انتخاب کی سرگرمیوں کا آغاز کرتے ہوئے ضلع کانگریس کمیٹیوں کو ناموں کی سفارش کی ذمہ داری دی ہے۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے تمام 6 متحدہ اضلاع سے تعلق رکھنے والے وزراء اور عوامی نمائندوں کو ایم ایل سی انتخابات کی تیاریوں میں متحرک ہونے کی ہدایت دی ہے۔ بی آر ایس کی توجہ حیدرآباد، رنگاریڈی اور محبوب نگر نشست پر زیادہ ہے جہاں سے ان کے زائد ارکان اسمبلی ہیں اور تینوں اضلاع میں بی آر ایس کا کیڈر مستحکم بتایا جاتا ہے۔ اطلاعات کے مطابق بی آر ایس اس نشست پر کسی ریٹائرڈ اعلیٰ عہدیدار یا پارٹی کے کسی سینئر لیڈر کے نام پر غور کررہی ہے۔ ورنگل، کھمم اور نلگنڈہ نشست کے رکن تین مار ملنا کی مخالف پارٹی سرگرمیوں پر انہیں حال ہی میں کانگریس سے معطل کردیا گیا۔ تین مار ملنا اس حلقہ سے دوبارہ مقابلے کی تیاری کررہے ہیں لیکن انہیں کانگریس سے ٹکٹ ملنے کے امکانات موہوم ہیں۔ دونوں حلقے جات میں فہرست رائے دہندوں کی تیاری کے شیڈول کا جلد ہی اعلان کیا جائے گا۔ امید کی جارہی ہے کہ تقریباً 14 لاکھ گریجویٹ فہرست رائے دہندگان میں شامل کئے جائیں گے۔ تینوں پارٹیاں اپنے اپنے حامی گریجویٹس کے ناموں کو فہرست میں شامل کرنے کی تیاریاں کررہی ہیں۔ حیدرآباد گریجویٹ ایم ایل سی نشست کے لئے حیدرآباد سے ایس رام موہن ریڈی، ہرش وردھن ریڈی اور شیوا سینا ریڈی کے نام زیر گشت ہیں۔ دوسری نشست کے لئے پی رمیش ریڈی اور صدر نشین کونسل جی سکھیندر ریڈی کے فرزند جی امیت ریڈی کے نام پارٹی حلقوں میں امکانی امیدوار کے طور پر گشت کررہے ہیں۔1؍F