کونسل کی کارروائی باوقار انداز میں چلاؤں گا: سکھیندر ریڈی عوامی نمائندوں اور قائدین سے اظہار تشکر

   

حیدرآباد۔/13 مارچ، ( سیاست نیوز) تلنگانہ قانون ساز کونسل کے متوقع صدرنشین جی سکھیندر ریڈی نے اس عہدہ پر دوسری مرتبہ موقع دیئے جانے کیلئے چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ اور وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی کے ٹی راما راؤ سے اظہار تشکر کیا۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے سکھیندر ریڈی نے کہا کہ متفقہ انتخاب کیلئے تمام سیاسی جماعتوں کی جانب سے تعاون پر وہ شکر گذار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ صدرنشین کی حیثیت سے پہلی میعاد کی طرح ایوان کی کارروائی باوقار انداز میں چلانے کی کوشش کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ قانون ساز کونسل میں ارکان کو عوامی مسائل پیش کرنے کا موقع دیا جائے گا کیونکہ قانون ساز اداروں میں عوامی مسائل کا حل بہتر طور پر تلاش کیا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کونسل کیلئے دوسری مرتبہ منتخب کرنے والے ارکان اسمبلی اور نیک تمناؤں کا اظہار کرنے والے پارٹی قائدین سے اظہار تشکر کیا۔ چیف منسٹر کے سی آر کی جانب سے سکھیندر ریڈی کے نام کی منظوری کے ساتھ ہی انہیں مبارکبادیوں کا تانتا بندھ گیا۔ ر