کونڈا سریکھا سے بی آر ایس ‘بی جے پی کا ربط

   

عجلت میں فیصلہ سے کونڈا فیملی کا گریز، قائدین سے مشاورت
حیدرآباد۔4۔ستمبر (سیاست نیوز) کابینہ سے برطرفی کے بعد تلنگانہ کی دو اہم اپوزیشن پارٹیوں کے کونڈا فیملی سے مذاکرات کی اطلاعات ہیں۔ بتایا گیا کہ بی آر ایس اور بی جے پی کے ورنگل قائدین نے کونڈا سریکھا اور ان کے شوہر کونڈا مرلی سے ربط قائم کرکے شمولیت کی پیشکش کی ہے۔ اطلاع ہے کہ دونوں پارٹیوں سے کونڈا سریکھا کو مختلف آفر دیئے گئے جن میں آئندہ اسمبلی انتخابات میں دونوں کو ٹکٹ کی پیشکش شامل ہے۔ بتایا گیا کہ بی آر ایس قائدین کونڈا سریکھا کو اسمبلی کی رکنیت سے استعفیٰ دینے کی تجویز پیش کر رہے ہیں تاکہ ضمنی چناؤ میں بی آر ایس ٹکٹ پر منتخب ہوسکیں کیونکہ ورنگل میں بی آر ایس کا خاصہ اثر موجود ہے۔ بی آر ایس اور بی جے پی کی تجاویز پر کونڈا فیملی نے فوری کوئی ردعمل ظاہر نہیں کیا۔ بتایا جاتا ہے کہ کونڈا سریکھا اور ان کے شوہر متحدہ ورنگل ضلع کے اپنے حامی قائدین و پارٹی کے بعض قائدین سے مشاورت کر رہے ہیں۔ ہائی کمان سے قربت رکھنے والے قائدین سے مشاورت کا مقصد پارٹی کی سطح پر کوئی اہم ذمہ داری حاصل کرنا ہے ۔ بتایا گیا کہ اے آئی سی سی کی سابق انچارج تلنگانہ کے بشمول بعض سینئر قائدین نے تنظیمی سطح پر اہم ذمہ داری کے سلسلہ میں ملکارجن کھرگے سے نمائندگی کا تیقن دیاہے۔ موجودہ حالات میں کونڈا سریکھا اور ان کے شوہر عجلت میں کوئی بھی فیصلہ کرنے تیار نہیں ہیں ۔ 1/k