ایلن مسک کا الزام‘مرکزی حکومت کا اسپیس ایکس کے سربراہ کو جواب
نئی دہلی ۔8؍اکتوبر ( ایجنسیز )اسپیس ایکس کے سربراہ ایلون مسک نے الزام لگایا ہے کہ کچھ بااثر صنعت کار ہندوستان میں ان کی کمپنی اسٹارلنک کی سیٹلائٹ انٹرنیٹ سروس کی انٹری روک رہے ہیں تاکہ ملک کے لوگوں پر اپنی اجارہ دارانہ گرفت برقرار رکھ سکیں تاہم حکومت ہند نے مسک کے الزام کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک میں سیٹلائٹ مواصلاتی خدمات کے لیے ضابطہ کار فریم ورک منصفانہ اور غیر امتیازی ہے۔ مسک نے ان صنعت کاروں یا کمپنیوں کے نام نہیں بتائے جس پوسٹ پر مسک نے ردعمل دیا، اس میں کہا گیا تھا کہ ہندوستان میں اسٹارلنک کی ضرورت ہے کیونکہ اب بھی بڑی تعداد میں گاؤں براڈ بینڈ انٹرنیٹ سے محروم ہیں۔ مسک نے اس کے بعد کہا کہ اسٹارلنک ہندوستان میں ان لوگوں کو تیز رفتار اور نسبتاً کم قیمت انٹرنیٹ کنیکٹیویٹی فراہم کر سکتا ہے جو موجودہ قیمتوں کے باعث اس کا استعمال نہیں کر پا رہے یا جن کے پاس انٹرنیٹ کنکشن ہی نہیں ہے۔