کیف پر روسی بیلسٹک میزائلوں کی بارش ، 12افراد ہلاک

   

کیف: 2 ستمبر ( یو این آئی ) یوکرین کے دارالحکومت کیف اور اس کے نواحی علاقوں پر روسی فضائی حملوں میں کم از کم 12 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے ہیں۔یوکرینی حکام کے مطابق روس نے رات کے وقت ڈرونز اور بیلسٹک میزائلوں کی بڑی تعداد کے ذریعے کیف اور گرد و نواح کو نشانہ بنایا، جس کے باعث رہائشی عمارتوں اور دیگر شہری تنصیبات کو نقصان پہنچا۔خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق روسی حملوں کا یہ سلسلہ کیف پر مسلسل چھٹے روز ہونے والی شدید کارروائی ہے۔ یوکرینی حکام کا کہنا ہے کہ تازہ حملوں میں رہائشی علاقوں اور ریلوے کے بنیادی ڈھانچے کو بھی نشانہ بنایا گیا۔ یوکرین کے وزیر خارجہ آندری سائبیہا نے بتایا کہ روسی ڈرونز اور بیلسٹک میزائلوں نے رات کے دوران مختلف شہری علاقوں کو نشانہ بنایا۔انہوں نے مغربی ممالک سے مطالبہ کیا کہ روس پر معاشی دباؤ مزید بڑھایا جائے اور روس کے منجمد اثاثوں کو یوکرین کی جنگی ضروریات کے لیے استعمال کرنے کے معاملے پر دوبارہ بات چیت کی جائے۔آندری سائبیہا نے اتحادی ممالک سے مزید فضائی دفاعی نظام فراہم کرنے کا بھی مطالبہ کیا۔ ان کے مطابق یوکرین کے پاس امریکی ساختہ پیٹریاٹ میزائلوں کے انٹرسیپٹرز کی تعداد تیزی سے کم ہورہی ہے، جبکہ یہی نظام روس کے بیلسٹک میزائلوں کو روکنے کی اہم صلاحیت رکھتا ہے۔