حکومت سے بنڈی سنجے کا مطالبہ، مرکزی تحقیقاتی ایجنسیوں کو چوکس کردیا گیا
حیدرآباد۔/27 اکٹوبر، ( سیاست نیوز) مرکزی مملکتی وزیر داخلہ بنڈی سنجے کمار نے کہا کہ جنواڑہ میں کے ٹی آر کے برادر نسبتی کے فارم ہاوز میں ریو پارٹی سے متعلق تفصیلات سے مرکزی تحقیقاتی ایجنسیوں کو واقف کرایا گیا ہے تاکہ ڈرگس کے استعمال کی جانچ کی جاسکے۔ کے ٹی آر کے برادر نسبتی کے فارم ہاوز پر پولیس دھاوے کے بعد بنڈی سنجے کمار نے کہا کہ کانگریس حکومت کو اس معاملہ میں سخت کارروائی کرنی چاہیئے اور سابق میں کے سی آر خاندان کو بچانے کی کوششوں کے سبب عوام میں اندیشے پائے جاتے ہیں۔ بنڈی سنجے کمار نے کہا کہ اگر حکومت کے سی آر خاندان کو بچانے کی کوشش کرے گی تو عوامی ناراضگی کا سامنا کرنا پڑے گا۔ بنڈی سنجے کمار نے کے ٹی آر کو ’ ٹوئٹر ٹِلو‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ریو پارٹی میں کے ٹی آر کے افراد خاندان کی شرکت اور ڈرگس کی سربراہی سے متعلق ٹھوس اطلاعات موجود ہیں۔ حکومت کو چاہیئے کہ پولیس دھاوے کے دوران سی سی ٹی وی فوٹیج کو برسر عام کرے اور اہم شخصیتوں کے پاسپورٹ ضبط کئے جائیں۔ مرکزی وزیر نے کہا کہ انہیں تلنگانہ پولیس پر بھروسہ ہے لیکن سابق میں کے سی آر خاندان سے قربت رکھنے والے کانگریس قائدین پولیس پر دباؤ بنانے کی کوشش کررہے ہیں۔ انہوں نے چیف منسٹر ریونت ریڈی سے کہا کہ اگر تلنگانہ کو ڈرگس سے پاک بنانا ہو تو پھر کے ٹی آر کے برادر نسبتی کے فارم ہاوز واقعہ پر سخت کارروائی کی جائے۔ برائے نام تلاشی کے نام پر ملزمین کو بچانے کی کوشش نہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ بی آر ایس اور کانگریس میں دوستی حکومت کی کارروائی سے ثابت ہوجائے گی۔1