حیدرآباد۔/21 جنوری، ( پریس نوٹ ) بانی خالصہ پنت اور سکھ مت کے دسویں اور آخری گرو، گرو گوبند سنگھ جی کی 357 ویں یوم پیدائش کی اختتامی تقریب منعقد ہوئی جس میں سکھ مت کے ہزارہا عقیدتمندوں نے شرکت کی۔ پرکاش پربندھک کمیٹی گردوارہ صاحب سکندرآباد کی زیر نگرانی منعقدہ وشال دیوان کلاسک گارڈن بالمرائی سکندرآباد میں عقیدتمندوں کی کثیر تعداد دیکھی گئی۔ پربندھک کمیٹی کے صدر ایس بلدیو سنگھ بگا، جنرل سکریٹری ایس جگموہن سنگھ اور سکریٹری ایس ہر پریت سنگھ گلاٹی نے صبح 10:30 بجے پروگرام کا آغاز کیا جو 3:30 بجے دن تک جاری رہا۔ ممتاز راگی جتھوں نے گربانی کیرتن اور کتھاس پڑھے۔ پٹیالہ کے راگی جتھہ بھائی امرجیت، بھائی مہتاب سنگھ ( جالندھر ) ، بھائی جگدیو سنگھ اور بھائی چرنجیت سنگھ اور دیگر ممتازراگی جتھوں کو ملک کے مختلف مقامات سے مدعو کیا گیا تھا۔ بعد ازاں گرو کے لنگر کا بھی اہتمام کیا گیا تھا۔