گروپ 1 اعلامیہ کی پیر کو اجرائی کا امکان

   

حیدرآباد ۔ 23 اپریل (سیاست نیوز) گروپ 1 جائیدادوں کے اعلامیہ کیلئے طویل انتظار اب ختم ہونے والا ہے ۔ تلنگانہ اسٹیٹ پبلک سرویس کمیشن امکان ہے کہ گروپ 1 جائیدداوں پر تقررات کیلئے پیر کو اعلامیہ جاری کردے گا ۔ کمیشن کا آج اجلاس بھی منعقد ہوا ۔ کمیشن کی جانب سے اعلامیہ کی اجرائی کیلئے تمام تیاریاں کی جا رہی ہیں۔ ریاستی حکومت کی جانب سے گروپ 1 کی 503 جائیدادوں پر تقررات کو پہلے ہی منظوری دی جاچکی ہے جو 19 مختلف محکمہ جات میں ہیں۔ ان میں 121 منڈل پریشد ڈیولپمٹ آفیسر کی جائیدادیں ہے ‘ 91 جائیدادیں ڈی ایس پی کی ‘ 48 جائیدادیں کمرشیل ٹیکس آفیسرس کی ‘ 42 جائیدادیںڈپٹی کلکٹرس کی اور 40 جائیدادیں اسسٹنٹ آڈٹ آفیسرس کی ہیں۔ قیام تلنگانہ کے بعد یہ گروپ 1 کی جائیدادوں پر بھرتیوں کیلئے پہلا اعلامیہ ہوگا ۔ اس سے قبل ان جائیدادوں پر تقررات کیلئے 2011 میںمتحدہ آندھرا پردیش میںاعلامیہ جاری کیا گیا تھا ۔ تاہم قانونی رکاوٹوں کی وجہ سے تقررات کا عمل 2017 میںپورا ہوا تھا ۔ شفافیت لانے اور غیرجانبداری کو یقینی بنانے کیلئے ریاستی حکومت نے ٹی ایس پی ایس سی امتحان کیلئے تمام زمروں بشمول گروپ 1 اور گروپ 11 جائیدادوں کیلئے انٹرویو کا طریقہ کار ختم کردیا ہے ۔ پہلے گروپ 1 جائیدادوں پر تقررات تین مراحل پر تھے ۔ گروپ II جائیدادوں پر تقررات دو مراحل پر مبنی ہوا کرتے تھے تاہم اب انٹرویو کو برخواست کردیا گیا ہے ۔