گریٹر حیدرآباد میں مفت پانی کی سربراہی کیلئے 250 کروڑ مختص

   

چیف منسٹر کے سی آر کے وعدے کے مطابق ہر خاندان کو ماہانہ 20 ہزار لیٹر پانی سربراہ
حیدرآباد :۔ گریٹر حیدرآباد کے حدود میں عوام کو ماہانہ 20 ہزار لیٹر مفت پانی کی سربراہی کے لیے بجٹ میں 250 کروڑ روپئے مختص کئے گئے ہیں ۔ ریاستی وزیر ہریش راؤ نے اسمبلی میں بجٹ پیش کرتے ہوئے بتایا کہ چیف منسٹر کے سی آر نے جی ایچ ایم سی انتخابات کے دوران ہر گھر کو ماہانہ 20 ہزار لیٹر پانی مفت سربراہ کرنے کا وعدہ کیا تھا ۔ چیف منسٹر کے وعدے کے مطابق مفت پانی سربراہ کرنے کی اسکیم پر عمل آوری کا آغاز ہوگیا ہے۔ اس اسکیم سے غریب و متوسط طبقہ کے افراد کو مفت پانی سربراہ ہورہا ہے ۔ پانی کے بلز کا جو بوجھ تھا وہ گھٹ گیا ہے ۔ جس سے ہزاروں خاندان راحت محسوس کررہے ہیں ۔ وزیر فینانس نے مزید کہا کہ شہر حیدرآباد میں پینے کے پانی کی قلت کو دور کرنے اور مستقبل میں پینے کے پانی کی ضروریات کو مد نظر رکھتے ہوئے ناگرجنا ساگر کے قریب سنکشیلا سے حیدرآباد کو پانی منتقل کرنے کے لیے حکومت نیا پراجکٹ تعمیر کررہی ہے ۔ اس کے لیے 1450 کروڑ روپئے کے مصارف کا تخمینہ تیار کیا گیا ہے ۔ سنکشیلا کے پاس تعمیر کئے جانے والے پینے کے پانی کے پراجکٹ 725 کروڑ روپئے خرچ کرنے کا تلنگانہ حکومت نے منصوبہ تیار کیا ہے ۔ آوٹر رنگ روڈ کے اطراف تعمیر ہونے والی نئی کالونیوں کو بھی پینے کا پانی سربراہ کرنے کے لیے 250 کروڑ روپئے مختص کئے گئے ہیں ۔ ہریش راؤ نے کہا کہ ٹی آر ایس وعدوں کو پورا کرنے والی حکومت ہے ۔ مفت پانی فراہم کرنے سے واٹر بورڈ پر اضافی بوجھ عائد ہورہا ہے ۔ اس کو مد نظر رکھتے ہوئے چیف منسٹر کے سی آر نے مفت پانی کی اسکیم کے لیے بجٹ میں 250 کروڑ روپئے مختص کئے ہیں ۔ ۔

شہر ورنگل میں اگادی سے مفت پینے کے پانی کی سربراہی
حیدرآباد :۔ گریٹر ورنگل میونسپل کارپوریشن ( جی ڈبلیو ایم سی ) کے انتخابات سے قبل بلدی عہدیدار اگادی سے ورنگل کے شہریوں کو مفت پینے کے پانی کی سربراہی کو یقینی بنانے کے سلسلہ میں اقدامات کررہے ہیں ۔ جس کا ریاستی حکومت نے وعدہ کیا ہے ۔ جی ڈبلیو ایم سی کے عہدیداروں کے مطابق اس اسکیم سے گریٹر ورنگل میونسپل کارپوریشن حدود میں تقریبا 1.92 لاکھ صارفین مستفید ہوسکتے ہیں ۔ ہر شخص کو ہر روز 150 لیٹر مفت پینے کا پانی حاصل ہوگا ۔ جی ڈبلیو ایم سی کے عہدیداروں کے مطابق ورنگل میں جی ڈبلیو ایم سی کی جانب سے فراہم کئے گئے 1.12 لاکھ نل کنکشنس ہیں جب کہ پبلک ہیلت ڈپارٹمنٹ اتھارٹیز کی جانب سے ٹرائی ۔ سٹیز میں امروتا اسکیم کے تحت میٹرس کے ساتھ 41,000 نل کنکشنس دئیے گئے ہیں ۔ جی ڈبلیو ایم سی کی جانب سے وڈے پلی ، کاکتیہ یونیورسٹی کیمپس اور دیسائی پیٹ سے یومیہ 171.28 ملین لیٹرس پانی حاصل کیا جاتا ہے ۔ پانی کی سربراہی کا اصل ذریعہ دھرما ساگر اسٹوریج ٹینک ہے ، جو گوداوری ریور واٹر دیودولا لفٹ اریگیشن اسکیم سے لبریز ہوگیا ہے ۔ گریٹر ورنگل میونسپل کارپوریشن کے سپرنٹنڈنگ انجینئر ستیہ نارائنا نے کہا کہ کارپوریشن کی ٹیمس کی جانب سے اہل استفادہ کنندگان کی نشاندہی کی جارہی ہے اور شہر میں نئے پینے کے پانی کے نل کنکشنس لگائے جارہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ’ ہم نے نشاندہی کی کہ 5000 سطح غربت سے نیچے (BPL) کے گھروں میں نل کے کنکشنس نہیں ہیں اور شہر میں 16000 گھروں میں امروتا اسکیم کے تحت پینے کے پانی کے نل کنکشنس زیر التواء ہیں ‘ ان ٹیموں نے گھروں میں پینے کے پانی کے نل کنکشنس اور میٹرس لگانا شروع کردیا ہے ۔ ستیہ نارائنا نے کہا کہ ’ ہم زیر التواء تمام نل کنکشنس فراہم کرتے ہوئے اگادی سے عوام کو مفت پانی کی سربراہی کو یقینی بنائیں گے ‘ ۔۔