گلبرگہ میں جھیلہ مبارک حضرت خواجہ بندہ نواز ؒ کی یادگار تقریب

   

حضرت حافظ سید محمد محمد الحسینی سجادہ نشین نے جلوس روانہ کیا، شاندار روحانی پروگرام میں کثیر عقیدت مندوں کی شرکت
گلبرگہ۔ 7 اپریل (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) گلبرگہ شہر کی مشہور و معروف ، درگاہ حضرت خواجہ بندہ نواز رحمۃ اللہ علیہ میں جلوس صندل مبارک کے بابرکت موقع پر6اپریل کو ایک روحانی اور شاندار پروگرام کا انعقاد کیا گیا جس میں عقیدت مندوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔نمازِ عصر محبوب گلشن گلبرگہ کے سمر ہاؤس میں ادا کی گئی۔ نماز کے بعد محفلِ سماع کا اہتمام ہوا، جس میں مختلف شہروں سے تشریف لائے قوال حضرات نے اپنے دلکش کلام پیش کیے۔ محفل کے اختتام پر فاتحہ خوانی کی گئی۔اس کے بعد جلوسِ مبارک کو روانہ کیا گیا۔ یہ جلوس جگت سرکل سے ہوتا ہواسوپر مارکیٹ پہنچا جہاں مارکیٹ مسجد میں نمازِ مغرب ادا کی گئی۔ نماز کے بعد جلوس صراف بازار، بہمنی چوک اور ہفت گنبد سے گزرتا ہوا رات تک اپنی منزل کی جانب بڑھتا رہا۔رات تقریباً ساڑھے دس بجے جلوس مبارک گیارہ سیڑھی پر پہنچا، جہاں حضرت ڈاکٹر حافظ سید محمد علی الحسینی سجادہ نشین درگاہ حضرت خواجہ بندہ نواز ؒنے جلوس مبارک کی کشتی کو اپنے سر پر اٹھا کر اندر بارہ دری تک لے گئے۔ وہاں جلوس کی رسم ادا کی گئی، جس کے بعد جلوس مبارک کو گنبدِ مبارک حضرت خواجہ بندہ نواز ؒ پر جھیلہ باندھنے کے لئیروانہ کیا گیا۔ گنبدِ مبارک پر حضرت خواجہ بندہ نواز ؒ پر جھیلہ باندھنے کے بعد گنبد سے نیچے اتر کر دوبارہ فاتحہ خوانی کی گئی اور تبرکات تقسیم کیے گئے۔ اس کے بعد ایک اور محفلِ سماع منعقد ہوئی، جس میں دس سے زائد قوال حضرات نے اپنا روح پرور کلام پیش کیا۔اس روحانی تقریب میں کئی بزرگ اور معزز شخصیات موجود رہیں، جن میں سجادگان، علمائے کرام، مشائخ عظام اور دیگر ذمہ داران شامل تھے۔ اس کے علاوہ بڑی تعداد میں مریدین اور عقیدت مندوں نے بھی اس پُرنور موقع پر حاضری دی اور اپنی عقیدت کا اظہار کیا۔ اس روحانی اور پُرنور موقع پر متعدد بزرگ اور معزز شخصیات موجود تھیں، جن میں بالخصوص سید شاہ یوسف حسین ، سید شاہ حسن شبیر حسینی سجادہ نشین روضہ خرد جناب اکبر نظام الدین سجادہ نشین درگاہ شاہ خاموش، حیدرآباد، ڈاکٹر سید مصطفیٰ الحسینی ، سید محمد سید حسینی ، سید علیم حسینی ، سید شاہ صفی اللہ حسینی ، سید شاہ رحیم اللہ حسینی ، سید شاہ تقی اللہ حسینی ، میر صدرالدین علی خان ، سید احمد حسینی ، مرتضیٰ حسینی ، سید عاقب حسینی ، میر رؤف علی خان ، سید باقر شبیر حسینی ، سید علی ذکی حسینی اویسی بابا، سید ابو تراب شاہ قادری سجادہ نشین درگاہ ہلکٹہ شریف، مولانا عبدالرشید ، مولانا تنویر احمد، عبدالباسط سیکریٹری اور سید واجد اسسٹنٹ سیکریٹری قابلِ ذکر ہیں۔ان سب کے علاوہ سجادگانِ کرام، علمائے عظام، مشائخین اور بڑی تعداد میں مریدین و عقیدت مندان بھی اس بابرکت موقع پر موجود رہے اور اپنی عقیدت و محبت کا بھرپور اظہار کیا۔