گلبرگہ میں سہ روزہ عرس تقاریب کا آج سے آغاز

   

آل انڈیا انڈسٹریل ایگزیبیشن کا افتتاح ، آج صندل ، کل سمینار ، منگل کو ختم قرآن و قصیدہ بردہ شریف

گلبرگہ ۔2 مئی ۔ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) ذرائع کے مطابق 3 مئی 2026 بروزاتوارحضرت خواجہ بندہ نوازؒ کے 622 ویں عرس شریف کے ضمن میں جلوسِ صندل مبارک نکالا جائے گا۔04 مئی بروزپیر کو خدمتِ چراغاں ادا کی جائے گی۔ 05 مئی بروزمنگل کو ختمِ قرآن، زیارت اور قل کی محفل منعقد ہوگی۔صندل سے ایک دن قبل یعنی 02 مئی بروزہفتہ شام 7:30 بجے آل انڈیا انڈسٹریل ایگزیبیشن کا افتتاح عمل میںلایاجاتا ہے۔ 03 مئی کو محبوب گلشن میں نمازِ عصر، تقدس مآب ڈاکٹر حافظ سید محمد علی الحسینی صاحب سجادہ نشین کی زیرِ نگرانی ادا کی جائے گی۔ نماز کے بعد محفلِ سماع منعقد ہوگی، جس میں مشہور قوال حضرات اپنا کلام پیش کریں گے۔ اس کے بعد سجادہ نشین صاحب سمر ہاؤس میں صندل مبارک کی کشتی کو اپنے سر پر اُٹھا کر جلوسِ صندل کو روانہ کریں گے۔یہ جلوس جگت سرکل سے شروع ہو کر سوپر مارکیٹ، کلاتھ بازار، مارکیٹ مسجدسے گزریگاجہاں مغرب و عشاء کی نماز ادا کی جائے گی۔بعد ازں جلوس صندل صراف بازار، بہمنی چوک، ہفت گنبد اورنور باغ سے گزرتا ہوا رات میںگیارہ سیڑھی پہنچے گا۔وہاں حضرت سجادہ نشین صاحب جلوس کا استقبال کرتے ہوئے صندل مبارک کی کشتی کو اپنے سر پر اُٹھا کر درگاہ کی طرف روانہ کریں گے، جہاں فاتحہ خوانی ہوگی۔ دیر رات درگاہ شریف کے گنبدِ مبارک کے باہر 22ویں خواجگان کی فاتحہ ادا کی جائے گی۔ اس کے بعد سجادہ نشین صاحب گنبدِ مبارک میں داخل ہو کرصندل مالی کے تمام فرائض انجام دیں گے، جس کے بعد فاتحہ خوانی، تبرکات کی تقسیم اور بند سماع منعقد ہوگا۔4 مئی بروزپیر دوپہر 1:30 بجے سماع خانہ میں سیمینار منعقد ہوگا، جس میں ملک بھر سے آئے ہوئے مقالہ نگار اپنے مقالے پیش کریں گے، جبکہ خدمتِ چراغاں بھی ادا کی جائے گی۔05 مئی منگل کو نمازِ عصر کے بعد ختمِ قرآن اور قصیدہ بردہ شریف کا اہتمام کیا جائے گا، جس کے بعد فاتحہ خوانی اور تبرکات تقسیم کیے جائیں گے۔
عرس شریف
نظام آباد ۔2 مئی ۔ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) نظام آباد کے کوٹگیر میں واقع درگاہ حضرت سید احمد حسینی شہیدؒ کا سالانہ عرس شریف 4 اور 5 مئی کو منعقد کیا جائے گا۔ صدر انتظامی کمیٹی محمد صابر علی نے کہا کہ عرس کی تقریبات کے سلسلہ میں مختلف روحانی، مذہبی اور ادبی پروگرامس کا اہتمام کیا جا رہا ہے۔تفصیلات کے مطابق 4 مئی بروز پیر بعد نمازِ مغرب چراغاں ، محفل سماع منعقد ہوگی، جبکہ اسی روز دیگر روحانی سرگرمیاں بھی انجام دی جائیں گی۔ 5 مئی بروز منگل بعد نمازِ فجر صندل کی تقریب منعقد کی جائے گی اور بعد ازاں درگاہ شریف میں چادر گُل کا اہتمام ہوگا۔اسی طرح 5؍ مئی کی شب نعتیہ مشاعرہ بھی منعقد کیا جائے گا جس میں معروف شعراء کرام شرکت کرتے ہوئے بارگاہِ رسالت مآب ﷺ میں نذرانہ عقیدت پیش کریں گے۔