گورنر کے سیاسی قائدین کی طرح بیانات ، وزیر سرینواس یادو کاالزام، حکومت پر تنقید مناسب نہیں

   

حیدرآباد۔20 ۔ اپریل (سیاست نیوز) گورنر ڈکٹر ٹی سوندرا راجن اور حکومت کے درمیان بڑھتی دوریوں کا کوئی نتیجہ برآمد ہوتا دکھائی نہیں دے رہا ہے۔ حکومت اور راج بھون کے درمیان الزام تراشی کا سلسلہ تیز ہوچکا ہے۔ گورنر کی جانب سے چیف منسٹر کے انداز کارکردگی پر نکتہ چینی کے بعد ریاستی وزیر انیمل ہسبنڈری سرینواس یادو نے گورنر کو سخت تنقیدکا نشانہ بنایا۔ انہوں نے کہا کہ گورنر کے عہدہ کیلئے زیب نہیں دیتا کہ وہ میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے حکومت پر تنقید کرے۔ انہوں نے کہاکہ ریاستی حکومت عوام کی منتخبہ حکومت ہے جو جمہوری انداز میں برسر اقتدار آئی ہے۔ اسے نامزد افراد کی حکومت تصور نہ کیا جائے۔ ہم تمام عوام کے منتخب نمائندے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ دستوری عہدہ پر فائز گورنر کے لئے پریس میٹ کے ذریعہ حکومت کو نشانہ بنانا ٹھیک نہیں ہے۔ انہوں نے کہاکہ گورنر سیاسی قائد کی طرح گفتگو کر رہی ہے ۔ حالانکہ انہیں دستور کے دائرہ میں رہتے ہوئے کام کرنا چاہئے ۔ سرینواس یادو نے کہا کہ چیف منسٹر کے ساتھ کام کرنے میں دلچسپی نہ ہونے سے متعلق گورنر کے ریمارک کو وہ ان کے ضمیر پر چھوڑتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ نائب صدر جمہوریہ اور گورنر کا رول کافی کم ہوتا ہے ۔ انہوں نے گورنر کو مشورہ دیا کہ وہ اپنے دستوری فرائض پر توجہ مرکوز کریں ۔ نائب صدر جمہوریہ وینکیا نائیڈو کے پروٹوکول کے معاملہ میں حکومت کیلئے بعض پابندیاں ہوتی ہیں۔ گورنر اس بارے میں معلومات حاصل کئے بغیر اظہار خیال کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی کو گورنر کی تائید سے پہلے دستوری عہدوں کے فرائض کے بارے میں معلومات حاصل کرنی چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ عوامی منتخب حکومت کے بارے میں گورنر کو اظہار خیال کرنے سے گریز کرنا چاہئے ۔ سرینواس یادو نے کہا کہ خاتون کی طرح سوندرا راجن کو جتنی عزت اور احترام دیا جانا ہے ، وہ حکومت نے دیا ہے لیکن گورنر پروٹوکول کے نام پر حکومت کو تنقید کا نشانہ بنارہی ہیں جو درست طریقہ کار نہیں ہے۔ انہوں نے گورنر کو مشورہ دیا کہ وہ سیاسی قائد کی طرح بیان بازی سے گریز کریں۔ ر