ہریش راؤ کو ٹی آئی ایم ایس ہاسپٹل کے دورہ سے قبل گھر میں نظر بند کردیا گیا

   

حیدرآباد۔ 19 اگست (یواین آئی) سابق وزیر اور سدی پیٹ کے رکن اسمبلی ٹی ہریش راؤ کی جانب سے بدھ کو سنت نگر کے ڈاکٹر مری چنا ریڈی تلنگانہ انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (ٹی آئی ایم ایس) اسپتال کا دورہ کرنے کے اعلان کے بعد کوکا پیٹ میں ان کی رہائش گاہ کے باہر بڑی تعداد میں پولیس اہلکار تعینات کیے گئے ۔ پولیس نے احتیاطی اقدام کے طور پر ہریش راؤ کو گھر میں نظر بند کردیا، جبکہ ان کی رہائش گاہ کے باہر سکیورٹی اہلکار تعینات رہے ۔ اس اقدام پر بی آر ایس کارکنوں میں تشویش پیدا ہوئی اور پارٹی نے تنقید کرتے ہوئے الزام لگایا کہ پولیس انہیں اسپتال کا دورہ کرکے وہاں بنیادی ڈھانچے اور سہولتوں کی مبینہ کمی کو اجاگر کرنے سے روک رہی ہے ۔ سابق وزرا تالاسانی سرینواس یادو اور سبیتا اندرا ریڈی کو بھی سنت نگر ٹی آئی ایم ایس اسپتال جانے کے منصوبے کے بعد مبینہ طور پر گھر میں نظر بند کردیا گیا۔ بی آر ایس رہنماؤں نے الزام لگایا کہ وزیراعلیٰ اے ریونت ریڈی نے مناسب بنیادی ڈھانچے اور سہولتوں کو یقینی بنائے بغیر عجلت میں اسپتال کا افتتاح کردیا۔ ان کے مطابق مجوزہ دورے کا مقصد اسپتال کا معائنہ کرنا اور وہاں موجود مبینہ خامیوں کو عوام کے سامنے لانا تھا۔