حیدرآباد ۔ 12 فبروری (سیاست نیوز) منشیات اور گانجہ کے خلاف کارروائیوں کیلئے خصوصی طور پر تشکیل کردہ شعبہ حیدرآباد نارکوٹیک انفورسمنٹ وینگ نے اپنی کارروائیوںکا آغاز کردیا ہے۔ ایچ نیو نے آج پرانے شہر کے علاقہ میں شاہ علی بنڈہ پولیس کے ساتھ کارروائی کرتے ہوئے ہیروئین کے ایک بین ریاستی ریاکٹ کو بے نقاب کردیا۔ پولیس نے ایک اسمگلر کے بشمول 5 افراد کو گرفتار کرلیا جن میں 4 گراہک شامل ہیں۔ اس سلسلہ میں منعقدہ پریس کانفرنس کو مخاطب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر آف پولیس ٹاسک فورس جی چکراورتی نے بتایا کہ 24 سالہ سریش کمار ساکن جیڈی میٹلہ متوطن راجستھان جو منشیات کو سربراہ کررہا تھا، کے علاوہ 4 گراہک 28 سالہ کے پروہیت ساکن بالانگر، 24 سالہ سنیل ساکن ایل بی نگر، 26 سالہ کے رام ساکن ناگول اور 22 سالہ پرکاش ساکن چنگی چرلہ کو گرفتار کرلیا۔ پولیس نے بتایا کہ ان چار گراہکوں کا تعلق بھی راجستھان سے پایا جاتا ہے۔ پولیس نے بتایا کہ سریش کمار نے اپنے ہم وطنی راجستھانی ورکروں سے ملاقات جو منشیات کا استعمال کرتے ہیں جس کے بعد اس نے منصوبہ تیار کیا اور ایک ماہ قبل ملازمت ترک کرتے ہوئے راجستھان کا رخ کیا۔ راجستھان میں اس نے ہیروئین کے سپلائز جینتی لعل منجو عرف جے ڈی سے ملاقات کی اور اپنے منصوبہ کا ذکر کیا جس کے بعد جے ڈی سے کم قیمت میں ہیروئن کو خرید کر زائد قیمت میں فروخت کرنے لگا۔ ع
حیدرآباد نارکوٹک انفورسمنٹ وینگ نے ایک خفیہ اطلاع حاصل ہونے کے بعد شاہ علی بنڈہ پولیس کے ہمراہ کارروائی کرتے ہوئے 5 افراد کو گرفتار کرلیا اور ان کے قبضہ سے75 گرام ہیروئن کو ضبط کرلیا جس کی مالیت 3 لاکھ 50 ہزار روپئے بتائی گئی ہے۔ اس کارروائی میں اے سی پی نارکوٹک انوسٹیگشین ونگ نرسنگ راؤ، انسپکٹر راجیش کے علاوہ انسپکٹر منور شریف و دیگر موجود تھے۔ع