یلاریڈی :آر ٹی سی کی ہڑتال پر خانگی گاڑیوں کی چاندی

   

یلاریڈی ۔22 اپریل ۔ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) یلاریڈی آر ٹی سی بس اسٹیشن جو ہمیشہ مسافرین کے ہجوم سے بھرا رہتا تھا لیکن آج آر ٹی سی ملازمین کی ہڑتال سے ویران پڑا ہے ۔ ہڑتال کی وجہہ سے بسوں کی آمدورفت بند رہنے سے عوام کوسفر کیلئے مختلف مشکلات کا سامنا کرتے دیکھا گیا ۔ مجبور ہوکر عوام کو خانگی گاڑیوں کا سہارا لیتے سفر کرنا پڑرہا ہے جس سے خانگی گاڑیوں کی چاندی ہورہی ہے۔ یلاریڈی سے روزآنہ حیدرآباد ، نظام آباد، کاماریڈی، نظام ساگر ، پٹلم، میدک، بانسواڑہ اور دیگر مقامات کو سینکڑوں لوگ سفر کرتے ہیں ایسے میں آر ٹی سی کی ہڑتال نے ایسے مسافرین کیلئے دشواریاں پیدا کردی ہیں جس سے خانگی کار، آٹو گاڑیوں سے سفر کرنے کی نوبت آگئی ہے ۔ مسافرین کا الزام ہے کہ خانگی گاڑیوں میں زائد کرایہ وصول کیا جارہاہے۔ اگر یہ ہڑتال طول پکڑتی ہے تو تاجروں عوام کو غیر معمولی مشکلات پیش آسکتی ہیں۔ جس سے عوام میں تشویش پائی جاتی ہے۔