انسانی حقوق کی پامالی پر چین کے خلاف نیوزی لینڈ کا سخت موقف

   

ویلنگٹن : وزیراعظم نیوزی لینڈ جسنڈا آرڈرن نے چین کے انسانی حقوق ریکارڈ پر ایک سخت موقف اپناتے ہوئے کہا کہ چین کے ساتھ مصالحت کرنا ہر گزرنے والے دن کے ساتھ مشکل ہوتا جارہا ہے جبکہ عالمی سطح پر چین کا دبدبہ بڑھتا جارہا ہے۔ اپنے بیان میں حالانکہ آرڈرن کا لہجہ دیگر قائدین کے مقابلے سخت گیر نہیں تھا لیکن اس کے باوجود تجارت کیلئے چین پر انحصار کرنے اور اسے اپنا شراکت دار سمجھنے والے نیوزی لینڈ کے لہجہ میں اگر ذرا بھی سختی ہے تو وہ یقینا ایک بڑی تبدیلی ہی کہی جاسکتی ہے۔ قبل ازیں بھی آرڈن نے چین پر راست طور پر تنقید کرنے سے گریز کیا ہے۔ پیر کے روز آکلینڈ میں چائنا بزنس سمیٹ سے خطاب کرتے ہوئے آرڈرن نے کہا تھا کہ چین کے ذریعہ انسانی حقوق کی پامالی پر نیوزی لینڈ نے تشویش ظاہر کی ہے خصوصی طور پر چین کے ژنجیانگ صوبہ میں ایغور مسلمانوں اور ہانگ کانگ میں رہنے والوں کے ساتھ جو غیرانسانی سلوک روا رکھا گیا ہے وہ افسوسناک ہے۔