قاری محمد مبشر احمد رضوی
اعلٰحضرت امام ِاہلسنت مجّددِ آعظم مولانا شاہ محمد احمدرضا خان قادری فاضلِ بریلوی علیہ الرحمتہ و الرضوان فضائل و کمالات کی بناء پر شرق و غرب میں مشہور ہے، آپ نے اپنی تصانیف کے ذریعہ علوم و معارف کے ایسے دریا بہائے ہیںکہ آج بھی پوری روانی اور جوش و خروش کے ساتھ جاری ہے اور اس سے دنیائے سنیت کا ہر فرد سیراب ہو رہا ہے۔
خاندانی حالات: حضرت مولانا شاہ سعید الدین خانؒ جن کا قندہار کے اکابر علما میں شمار تھا‘ آپ وہا ںکے معزز خاندان و قبیلہ بڑھیج کے پٹھان تھے۔ سلاطین مغلیہ کے دور حکومت مین سلطان محمد شاہ‘ نادرشاہ کے ہمراہ پہلے لاہور تشریف لائے اور ایک مدّت تک مناصب جلیلہ پر فائز رہے۔ اعلٰحضرت اُن ہی بزرگوں کی اولاد میں ہیں۔
ولادتِ با سعادت: اعلٰحضرت علیہ الرحمہ بریلی شریف کے مقام جسولی میں ۱۰؍ شوال مکرم‘ ۱۲۷۲ھ م ۱۴؍جون ۱۸۵۶ء روزِ شنبہ (ہفتہ) بوقت ظہر اس خاکدانِ عالم میں تشریف لائے‘ خود اعلٰحضرت نے اپنا سن ولادت قرآن پاک کی آیت مبارکہ سے استخراج فرمایا۔ ’’یہ وہ لوگ ہین جن کے دلوں میں اللہ تعالیٰ نے ایمان نقش فرمادیا اور اپنی طرف سے روح کے ذریعۂ اُن کی مدد فرمائی‘‘۔ اعلٰحضرت کے جدِّامجد نے آپ کا اسمِ گرامی محمد احمد رضا رکھا آپ کے والدِ ماجد آپ کو ’ ’احمد میاں‘‘ سے یاد فرمایا کرتے اور آپ کی والدہ ماجدہ صاحبہ پیار و محبت سے’’امّن میاں‘‘ کہکر پکارتی تھیں۔ اعلٰحضرت نے ابتدا ئی تعلیم حاصل کرنے کے بعد عربی صرف ونحو کی کتابیں مولوی غلام علی بیگ صاحب سے پڑھیں۔ اس کے بعد اپنے والد ماجد حضرتِ علامہ شاہ محمد نقی علی خان صاحب ؒ کی خدمت بابرکت میں رہکر تمام علومِ عربیہ و فنون ادبیہ‘ حدیث و فقہ اور اصول و دیگر معقول و منقول کی درسی کتابیں پڑھکر ۱۲۸۶ھ میں دستار فضیلت حاصل فرمائی اس وقت آپ کی عمر شریف چودہ برس کی تھی۔ایک دن اعلٰحضرت نے فرمایا کہ بعض ناواقف لوگ میرے نام کے ساتھ ’’حافظ ‘‘ لکھ دیتے ہیں۔ حالانکہ میںاس لقب کا اہل نہیں ہوں اِس خیال کو ملحوظ رکھ کر آپ نے ماہ رمضان المبارک کی قلیل مدّت میں مکمل حفظ ِقرآن فرمالیا۔آپ نے اپنی ۶۳سالہ زندگی میںتقرباً (۱۲ سو) کتبِ دینیہ کی تصنیف فرمائی۔ سب سے مشہور و معروف کتاب ’’العطایا النبویہ‘‘ جو ۱۲ ہزار صفحات پر مشتمل ہے۔ جس میں صرف فتاوے موجودہیں۔آپ کا وصال ۲۵؍ صفر المظفر ۱۳۴۰ ھ کو بریلی شریف میں ہوا ۔۲۳‘ ۲۴‘ ۲۵ صفر المظفر کو آپ کا عرس شریف بریلی شریف میں محلہ سوداگران میں عظیم الشان پیمانہ پر منعقد ہوتا ہے۔