سابق وزیر اعظم نرسمہا راؤ کو بھارت رتن کیلئے اسمبلی میں قرار داد منظور کی جائے گی۔ نیکلس روڈ کا نام تبدیل کرنے اورمجسمہ کی تنصیب کا فیصلہ۔ جائزہ اجلاس میں کے سی آر کے کئی اہم اعلانات

,

   

حیدرآباد(تلنگانہ): چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے اعلان کیا ہے کہ 7 ستمبر سے شروع ہونے والے اسمبلی کے مانسون سیشن میں قرار داد منظور کرتے ہوئے سابق وزیر اعظم پی وی نرسمہا راؤ کو بھارت رتن ایوارڈ دینے کا مطالبہ کیا جائے گا۔ چیف منسٹر نے اعلان کیا ہے کہ نیکلس روڈ کو پی وی گنان مارگ سے موسوم کیا جائے گا اور وہیں پر پی وی نرسمہا راؤ کی یادگار تعمیر کی جائے گی۔چیف منسٹر کے سی آر پرگتی بھون میں آنجہانی سابق وزیر اعظم پی وی نرسمہا راؤ صدی یوم پیدائش تقاریب کا جائزہ اجلاس کے دوران یہ اعلان کیا ہے۔

اس موقع پر ریاستی وزراء ای راجندر، سرینواس گوڑ، صدی تقاریب کمیٹی کے صدر نشین و رکن پارلیمنٹ ڈاکٹر کیشو راؤ، چیف سکریٹری سومیش کمار دیگر اہم شخصیات کے علاوہ پی وی نرسمہا راؤ کے ارکان خاندان بھی موجود تھے۔اجلاس میں بتایا گیا کہ پی وی نرسمہا راؤ کی صدی تقاریب ریاست کے ہر ضلع میں منعقد کی جائے گی۔ اس جائزہ اجلاس میں کے سی آر نے کہا کہ نرسمہا راؤ تلنگانہ کی علامت ہیں اور وہ ایک جہد کار تھے جنہوں نے ہندوستان میں کئی اصلاحات لائے تھے۔

انہوں نے کہا کہ نرسمہا راؤ تلنگانہ کا بیٹا ہے جو آگے جاکر ملک کا وزیر اعظم بنا۔ اسمبلی میں پی وی نرسمہا راؤ کے پورٹریٹ کی تنصیب کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے اور مرکزی حکومت سے بھی خواہش کی جائے گی کہ پارلیمنٹ کے سنٹرل ہال میں پی وی نرسمہا راؤ کا پورٹریٹ آویزاں کیا جائے۔ چیف منسٹر نے کہا کہ مرکزی حکومت سے خواہش کی جائے گی کہ حیدرآباد سنٹرل یونیورسٹی (حیدرآباد) کو پی وی نرسمہا راؤ کے نام سے موسوم کیا جائے کیونکہ یہ یونیورسٹی انہی کے دور میں قائم کی گئی تھی۔ اس یونیورسٹی کو پی وی نرسمہا راؤ سنٹرل یونیورسٹی قرار دیا جائے۔

نرسمہا راؤ صدی یوم پیدائش تقاریب ہندوستان کے علاوہ دنیا بھر میں منائی جائیں گی جن میں امریکہ، سنگاپور، ساؤتھ آفریقہ، ملیشیا، ماریشس، آسٹریلیا، نیوزی لینڈ، کینیڈا اور دیگر ممالک میں پروگراموں کو قطعیت دی جاچکی ہے۔ صدی تقاریب میں شرکت کیلئے صدر جمہوریہ، وزیر اعظم او رمختلف ریاستوں کے وزارئے اعلیٰ کو بھی مدعو کیا جائے گا۔ تلنگانہ بھون نئی دہلی میں پی وی نرسمہا راؤ کا مجسمہ نصب کیا جائے گا۔