آر سی بی طاقتور ٹیم نہیں ، کپتان کا اعتراف

   

ممبئی ۔ آئی پی ایل 2024 میں لگاتار تین میچ ہارنے کے بعد ممبئی انڈینز نے زبردست واپسی کی اور اگلے دو میچ جیتے۔ ہاردک پانڈیا کی کپتانی والی ٹیم اب کافی خطرناک نظر آرہی ہے۔ خاص طور پر ٹیم کی بیٹنگ دھماکہ خیز موڈ میں ہے اور رائل چیلنجرز بنگلور اس کا شکار بنی، جسے وانکھیڑے اسٹیڈیم میں ممبئی کے بیٹروں نے اس بری طرح سے مارا کہ آر سی بی کے کپتان بھی اپنی ٹیم کی حالت پر بے بس نظر آئے۔ لگاتار چوتھا میچ ہارنے کے بعد بنگلورو کے کپتان فاف ڈو پلیسی نے بھی اعتراف کیا کہ ان کی ٹیم زیادہ مضبوط نہیں ہے اور اسے جیتنے کے لیے کچھ کرنا پڑے گا، جو فی الحال ہوتا نظر نہیں آرہا۔ وانکھیڑے اسٹیڈیم میں کھیلے گئے اس میچ میں بنگلورو نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 20 اوورز میں 196 رنز بنائے۔ اس گراؤنڈ کے پرانے ریکارڈ اور ممبئی کی مضبوط بیٹنگ کو دیکھتے ہوئے یہ اسکور پہلے ہی بہت کم نظرآرہا تھا لیکن ممبئی نے بیٹنگ شروع کرنے کے بعد یہ اسکور نہ صرف کم بلکہ معمولی بھی نظر آیا۔ ممبئی کی دھماکہ خیز بیٹنگ کے علاوہ اس کی وجہ بنگلورو کی انتہائی ناقص بولنگ بھی تھی جس کے سامنے ممبئی نے یہ ہدف 27 گیندیں قبل ہی حاصل کر لیا۔ اس سیزن میں بنگلورو کو پنجاب کنگز کے خلاف صرف ایک جیت ملی، جس میں ٹیم نے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے کامیابی حاصل کی۔ تینوں میچوں میں ٹیم نے پہلے بیٹنگ کی اور ہر بار اسکورکا دفاع کرنے میں ناکام رہی۔ تینوں میں سے کوئی بھی اسکور 200 سے زیادہ نہیں تھا لیکن ہر بار ان کے بولروں کی بری طرح پٹائی ہوئی اور مخالف ٹیموں نے بھی بغیرکسی پریشانی کے 170-180 سے زیادہ کا ہدف حاصل کر لیا۔ اپنی خراب بولنگ کی وجہ سے ہمیشہ تنقید اور تضحیک کا نشانہ بننے والی بنگلورو کی بولنگ ایک بار پھر نشانے پر ہے۔ ممبئی کے خلاف عبرتناک شکست کے بعد خود کپتان ڈوپلیسی نے بھی اعتراف کیا کہ ان کی بولنگ میں زیادہ طاقت نہیں ہے اور ایسی صورتحال میں جیتنا آسان نہیں ہے۔ بولنگ کے بارے میں بات کرتے ہوئے ڈو پلیسی نے کہا کہ ان کے بولنگ شعبہ کے پاس زیادہ ہتھیار نہیں ہیں اور آنے والے میچوں میں بولروں کو کچھ طریقے تلاش کرنے ہوں گے۔ انہوں نے خاص طور پر پاور پلے کا ذکر کیا، جہاں آر سی بی کو سب سے زیادہ شکست ہو رہی ہے۔ ڈو پلیسی نے اعتراف کیا کہ پاور پلے میں ان کی بولنگ نے کوئی برتری نہیں دکھائی ہے اور انہیں اسکواڈ میں ہی کچھ راستے تلاش کرنے ہوں گے تاکہ وہ ٹیموں کی 2-3 وکٹیں لے سکیں۔