اسرائیل اور فلسطین تنازعہ کو ختم کرناضروری

,

   

دو ریاستی حل واحد راستہ، عرب اور یوروپی ممالک کے وزرائے خارجہ کا اجلاس

عمان: عرب اور یوروپی یونین کے ممالک کے وزرائے خارجہ نے اسرائیل اور فلسطین تنازعہ کو فوری ختم کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ دونوں ملکوں کے تنازعہ کا واحد حل یہ ہیکہ دو مملکتوں کو پرامن طور پرقائم کیا جائے۔ عرب اور یوروپی یونین کے وزرائے خارجہ نے اردن میں اجلاس منعقد کیا۔ اردن، مصر، فرانس کے وزرائے خارجہ نے اجلاس میں براہ راست شرکت کی۔ تاہم کوروناوائرس کی وجہ سے قرنطینہ میں موجود جرمنی کے وزیرخارجہ نے اجلاس میں آن لائن شرکت کی۔ اجلاس میں شرکاء نے اسرائیل اور فلسطین کو دوبارہ سے مذاکرات شروع کرنے پر زور دیا اور کہا کہ دو ریاستی حل ہی واحد راستہ ہے جس کے ذریعہ طویل عرصہ سے جاری اسرائیل۔ فلسطین تنازعہ کا خاتمہ کیا جاسکتا ہے۔ عرب اور یوروپی یونین کی وزرائے خارجہ نے حال ہی میں متحدہ عرب امارات اور بحرین کی جانب سے اسرائیل کے ساتھ تعلقات بحال کرنے کو تاریخی اقدام قرار دیا اور کہا کہ یہ فیصلہ خوش آئند ہے۔ ان معاہدوں سے ظاہر ہوتا ہیکہ خطہ میں امن ممکن ہے۔ مصر کے وزیرخارجہ کا کہنا تھا کہ یہ ایک اہم اقدام ہے جو مشرق وسطیٰ میں امن کے عمل کو مزید آگے بڑھائے گا۔ اردن کے وزیرخارجہ نے کہا کہ دو ریاستی حل کے بغیر خطہ میں جامع اور دیرپا امن ممکن نہیں۔ فرانسیسی وزیرخارجہ نے کہا کہ دو ریاستی حل کے علاوہ کوئی دوسرا راستہ نہیں ہے۔