الجزائر: جنگلات کو آگ لگانے کے شبہ میں 22 افراد گرفتار

   

الجزائر سٹی ۔ الجزائر میں آگ لگانے کے شبہ میں 22افراد کو گرفتار کرلیا گیا۔ حکام کا کہنا ہے کہ بیک وقت مختلف مقامات پر آتش زدگی اتفاقی امر نہیں ہے اور اس میں ممکنہ طور پر آتش گیر مادے کا استعمال کیاگیا۔ خبررساں اداروں کے مطابق آتش زدگی کے دوران افسوس ناک واقعہ بھی پیش آیا اور مشتعل ہجوم نے آگ لگانے کے الزام میں نوجوان کو تشدد کے بعد آگ میں جھونک دیا۔ واقعہ کی ویڈیو بھی وائرل ہوئی، جس میں مشتعل ہجوم نے 38 سالہ جمال بن اسماعیل کو تشدد کا نشانہ بنا یا اور آگ میں جھونک دیا۔ حکام کا کہنا ہے واقعہ کی تحقیقات شروع کردی گئی ہے اور ذمہ داروں کو کڑی سزا دی جائے گی۔ واضح رہے کہ ملک میں جاری جنگلاتی آگ کے بعد ہلاکتوں کی تعداد 69سے تجاوز کرگئی ہے اور حکومت کی جانب سے ہلاکتوں کے غم میں 3روزہ سوگ کا اعلان کیا گیا ہے۔اس سلسلے میں سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے الجزائری وزیر رمطان لعمامرہ سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا اور مشکل حالات میں الجزائر کو ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔