امریکہ، اسرائیل اور فلسطینی اتھارٹی کا خفیہ معاہدہ؟

   

لندن: عرب اور اسرائیلی ذرائع ابلاغ نے صیہونی ریاست، امریکہ اور فلسطینی اتھارٹی کے درمیان خفیہ معاہدے کا انکشاف کیا ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ ریاستہائے متحدہ امریکہ، فلسطینی اتھارٹی اور اسرائیل کے درمیان سہ فریقی معاہدہ طے پایا ہے جس کی تفصیلات منظر عام پرآنے لگی ہیں۔ذرائع نے شناخت ظاہر نہ کرنے کی شرط پر وضاحت کی کہ امریکی نائب معاون وزیر خارجہ فلسطینی اور اسرائیلی امور ھادی عمرو کے خطے کے دورے دوران یہ معاہدہ طے پایا ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ سہ فریقی معاملت میں ایسے نکات بھی شامل ہیں جو فلسطینی قوم اور فلسطینی کاز کے لیے نقصان دہ ہوسکتے ہیں۔ذرائع نے تصدیق کی کہ معاہدے کی دستاویز پر 14 جولائی 2021 کو دستخط کیے گئے۔ دستاویز سے پتہ چلتا ہے کہ امریکی انتظامیہ فلسطینی میڈیا اور تعلیمی نصاب کی سخت نگرانی کرنا چاہتی ہے اورنفرت پر اکسانے کے خلاف قائم سہ فریقی کمیٹی کو دوبارہ فعال کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔