امریکی اراکین کانگریس کاکشمیری قائدین کو رہا کرنے کا مطالبہ

   

واشنگٹن ۔ 20 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) امریکی کانگریس کے ایک وفد نے کشمیری سیاست دانوں کو مسلسل قید میں رکھے جانے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے بھارتی حکام سے انہیں جلد از جلد رہا کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ یہ مطالبہ ڈیموکریٹ پارٹی کے سینئر اور با اثر رہنما ایمی بیرا اور ری پبلیکن پارٹی کے لیڈر جارج ہولڈنگ پر مشتمل وفد نے دہلی میں بھارت کے اعلیٰ حکام سے ملاقات کے دوران کیا۔ واضح رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ چار دن بعد بھارت کا دورہ کرنے والے ہیں۔ ٹرمپ کے دورے سے پہلے امریکی اراکین کانگریس کے ان بیانات کو کافی اہم سمجھا جا رہا ہے۔ گزشتہ برس اگست سے کشمیر کی خصوصی آئینی حیثیت کے خاتمے کے بعد سے کشمیر کے سینکڑوں رہنما اور دیگر سیاسی کارکن مختلف جیلوں میں بند ہیں۔