انتخابی حکمت عملی کار پرشانت کشور کانگریس کے قریب پہنچ رہے ہیں

,

   

پچھلے ایک ہفتہ میں کشور نے کانگریس قائد راہول گاندھی سے کم از کم تین مرتبہ ملاقات کی ہے۔
نئی دہلی۔سیاسی حکمت عملی کار پرشانت کشور اگلے سال پانچ ریاستوں میں منعقد ہونے والے اسمبلی انتخابات کے پیش نظر کانگریس سے اتحاد قائم کرنے کے قریب پہنچ گئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق پچھلے ایک ہفتہ میں کشور نے کانگریس قائد راہول گاندھی سے کم از کم تین مرتبہ ملاقات کی ہے اور کانگریس کی بحالی پر تبادلہ خیال کیاہے۔

ذرائع نے اس بات کی بھی جانکاری دی ہے کہ یہ ملاقاتیں راہول گاندھی کی رہائش پر ہوئی ہیں‘ جس میں کانگریس کے کچھ سینئر قائدین ہر موقع پر موجود تھے اور امبیکا سونی‘ کے سی وینوگوپال‘ اور اے کے انتھونی ان میں شامل ہیں۔

تاہم مذکورہ کانگریس قائدین ان تبدیلیوں پر کوئی تبصرہ کرنے کے لئے تیار نہیں ہیں۔ اگرذرائع کے مانیں تو راہول گاندھی نے اس کے متعلق پارٹی قائدین سے مشورہ کیاہے جس سے کشور کی پارٹی میں شمولیت کی قیاس آرائیوں کو ہوا ملی ہے۔

سال 2022میں گوا‘ اتراکھنڈ‘ اترپردیش‘ منی پور‘ اورپنجاب میں اسمبلی انتخابات ہونے والے ہیں۔ یہ سوالات اس لئے اٹھ رہیں کشور جس نے الیکن انتظامات کاکام چھوڑنے کااعلان کیاتھا اب ایک لیڈر کے اوتار میں پیش ہورہے ہیں۔

ریاست میں 2022کے مجوزہ اسمبلی انتخابات کے پیش نظر پنجاب چیف منسٹر کیپٹن امریندر سنگھ نے حال ہی میں انہیں چیف مشیر کے طور پر مقرر کیاہے۔ گاندھی فیملی سے ملاقات کے بعد یہ قیاس آرائیا ں اوربھی بڑھ گئی ہیں کہ وہ ممکن ہے کہ ان کے ساتھ شامل ہوجائیں گے۔

ذرائع کے مطابق پارٹی میں کشورکی شمولیت پر دو بڑے اجلاسوں میں راہول گاندھی نے مذکورہ قائدین کی رائے حاصل کی ہے۔ یہ بات کشور کی پرینکا گاندھی واڈرا اور پارٹی کے عبوری صدر سونیا گاندھی سے ملاقات کے بعد سامنے ائی ہے۔

بعض پارٹی قائدین کا ماننا ہے کہ 2017میں اترپردیش میں کانگریس کو پیش آنے والے تجربہ کا ذمہ دار کشور ہیں جنھوں نے راہول گاندھی کی کسان یاترا کے بعد ریاست میں بننے والے موافق کانگریس ماحول کے باوجود پارٹی کا سماج وادی پارٹی سے اتحاد کرایا جس کا خمیازہ پارٹی کو انتخابی نتائج کی شکل میں بھگتنا پڑا ہے۔

ایک سیاسی حکمت عملیکار کی حیثیت سے کشور نے کئی پارٹیوں کو انتخابات جیتانے کے لئے کام کیاہے۔ واضح رہے انہوں نے 2014کے لوک سبھا انتخابات میں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی مہم تیار کرنے میں کافی اہم رول اد ا کیاہے جس کے بعد نریندر مودی وزیراعظم بنے ہیں۔

سال2015کے اسمبلی انتخابات میں انہوں نے جنتا دل (یو) کے چیف نتیش کمار کی مدد کی تھی۔ جس کے بعد نتیش کمار نے انہیں جے ڈی یو کا نائب صدر مقرر کیاتھا۔

تاہم کشور کو 2020جنوری میں جے ڈی یو سے اس وقت نکال دیاگیاتھا جب انہوں نے قومی رجسٹرار برائے شہریت(این آرسی) کے مسلئے پر پارٹی کے ساتھ اپنی رضامندی ظاہر نہیں کی تھی۔