انٹرنیشنل نگر کیرتن یاترا کی 16 ستمبر کو حیدرآباد میں آمد

   

حیدرآباد 13 ستمبر (سیاست نیوز) ملک کی تقسیم کے بعد پہلی مرتبہ سکھ مت کے بانی پہلے سکھ گرو گرونانک کی 550 ویں یوم پیدائش تقاریب کے سلسلہ میں نانکانا صاحب، لاہور پاکستان سے نکالا گیا تاریخی انٹرنیشنل نگر کیرتن (سکھوں کا مذہبی جلوس) 16 ستمبر کو حیدرآباد پہنچے گا۔ یہ تاریخی انٹرنیشنل نگر کیرتن جو گرونانک کے پیدائشی مقام، نانکانا صاحب سے یکم اگسٹ کو شروع ہوا تاکہ گرو نانک کی تعلیمات جیسے محبت، امن، بھائی چارہ، مساوات کو عام کیا جائے۔ پاکستان سے براہ واگھا سرحد ہندوستان میں داخل ہوا ہے۔ ملک کے مختلف مقامات کا دورہ کرنے کے بعد یہ 16 ستمبر کو حیدرآباد پہونچے گا۔ اس اہم ایونٹ کے بارے میں تفصیلات بتاتے ہوئے گرو نانک پرکاش یاترا آرگنائزنگ کمیٹی و سکندرآباد کے چیرمین ایس گروچرن سنگھ بگہ اور سکھ گردواروں کے ہیڈس ایس اندر سنگھ، سنٹرل گردوارہ صاحب گولی گوڑہ ایس بھگیندر سنگھ (امیرپیٹ)، ایس ہرمیندر سنگھ (چار محل)، ایس رشپال سنگھ (آٹو نگر)، ایس ہربنس سنگھ (سکھ چھاؤنی، برمبالا) اوردوسروں نے کہاکہ یہ انٹرنیشنل پرکاش یاترا ناگپور سے براہ نظام آباد 15 ستمبر کو پہنچے گی۔ یہ یاترا 16 ستمبر کو ایک بجے دن کنڈلہ کویا آکسیجن پارک میڑچل آؤٹر رنگ روڈ جنکشن پہنچے گی جہاں اس کا شاندار استقبال کیا جائے گا۔ اس کے بعد یہ آؤٹر رنگ روڈ سے گزرتے ہوئے شام 4 بجے پلر نمبر 143 عطاپور پہنچے گی جہاں سے ایک رنگا رنگ جلوس نگر کیرتن نکالا جائے گا جو رات تقریباً 9 بجے گردوارہ صاحب، پرمبالا، سکھ چھاؤنی کشن باغ پہنچے گا۔