ایران حماس، حزب اللہ اور حوثیوں کی حمایت بند کردے : جی 7 وزرائے دفاع

   

لندن: جی 7 وزرائے دفاع نے ایران پر زور دیا کہ وہ حماس، حزب اللہ، حوثیوں اور دیگر مسلح دھڑوں کو مدد فراہم کرنے سے دور ہو جائے ۔ وزرائے دفاع نے لبنان کے استحکام اور سلامتی کو یقینی بنانے میں یونیفل کی مدد کرنے اور لبنانی مسلح افواج کے کردار کی حمایت کرنے پر زور دیا ۔ G7 وزرائے دفاع نے مشرق وسطیٰ میں بڑھتی کشیدگی کے درمیان نیپلز میں ملاقات کی کیونکہ اسرائیلی فوج لبنان میں حزب اللہ پر حملے جاری رکھے ہوئے ہے اور حماس کے رہنما یحییٰ سنوار کی ہلاکت کے بعد غزہ پر حملے جاری ہیں۔اٹلی جس کے پاس جی 7 کی صدارت ہے میں ہونے والے اجلاس کے ایجنڈے میں مشرق وسطیٰ کے تنازعات اور یوکرین میں جنگ کے ساتھ ایشیا پیسیفک خطے میں سلامتی کی صورتحال کو بھی شامل کیا گیا۔لبنان اور غزہ میں تنازعہ سے علاقائی جنگ شروع ہونے کے خطرات لاحق ہیں۔ یہ تنازعات ہی فرانس، کینیڈا، امریکہ، جاپان، جرمنی، اٹلی اور برطانیہ کے درمیان مذاکرات کا مرکز ہیں۔ اسرائیلی افواج حزب اللہ اور حماس کیخلاف اپنی فوجی مہم جاری رکھے ہوئے ہے۔