ایک اور کارپوریٹ ہاسپٹل کے خلاف کارروائی

   

ورنچی ہاسپٹل کوورونا علاج کی اجازت سے محروم
حیدرآباد: کوویڈ ۔ 19 کے مریضوں کے علاج کیلئے خانگی دواخانوں کی جانب سے کی جانے والی بے قاعدگیوں کے خلاف حکومت کا موقف سخت ہوتا جارہا ہے اور آج شہر کے ایک بڑے کارپوریٹ ہاسپٹل کی کورونا علاج کرنے کی اجازت منسوخ کردی گئی۔ تفصیلات کے مطابق بنجارہ ہلز روڈ نمبر 1 پر واقع ورنچی ہاسپٹل کے خلاف محکمہ صحت کی جانب سے یہ کارروائی کی گئی۔ بتایا جاتا ہیکہ ورنچی ہاسپٹل کے انتظامہ نے کئی کوویڈ ۔ 19 مریضوں سے بھاری بلز وصول کئے۔ جس کے خلاف مریضوں کے افراد خاندان نے محکمہ صحت سے نمائندگی کرتے ہوئے دواخانہ کے انتظامیہ کی لوٹ کھسوٹ کے بارے میں شکایت کی تھی۔ واضح رہے کہ حالیہ دنوں ہائی کورٹ نے مفاد عامہ درخواست کی سماعت کے دوران خانگی دواخانوں کی لوٹ و من مانی بلز کی اجرائی کے خلاف حکومت کی سرزنش کی تھی اور اندورن 10 اگست رپورٹ پیش کرنے ہدایت دی تھی جس کے بعد حکومت حرکت میں آگئی اور کارروئی شروع کردی۔