باکردار افراد کو تیار کرنا ، وقت کی اہم ضرورت

   

سیرت نبویؐ کا نمونہ بننے کی تلقین ، جامعہ ریاض الصالحات میں مولانا محمد یوسف اصلاحی کا خطاب
حیدرآباد ۔ 30 ۔ جون : ( راست ) : ہر دور میں مسلم خواتین نے دین کی ترویج و اشاعت میں اہم رول ادا کیا ہے ۔ خواتین کے بغیر اسلامی تاریخ ادھوری رہ جائے گی ۔ طالبات کو چاہئے کہ حصول علم میں خوب محنت و جستجو کریں ، معاشرے کو اخلاقی بنیادوں پر قائم کرنے کے لیے آگے آئیں ۔ نبی کریم ﷺ کو معلم بناکر مبعوث کیا گیا تھا ۔ طالبات علوم نبوی یہ بات اچھی طرح یاد رکھیں کہ آپ سب نبیؐ کے نمائندے ہیں ۔ لہذا پڑھنا پڑھانا ، لوگوں کو دین سکھانا ، اصلاح معاشرہ اور دعوت دین کے کاموں میں اپنے آپ کو مصروف رکھنا ، تعمیر جہاں کے لیے آپؐ کی سیرت کو نمونہ بنائیں ۔ اپنے اندر بہترین اخلاق و کردار پیدا کریں ۔ کردار خاموش مبلغ ہے ۔ آج حالات اور وقت کی ضرورت ہے کہ باکردار افراد تیار کئے جائیں ، ان خیالات کا اظہار مولانا محمد یوسف اصلاحی ( مدیر ماہنامہ ذکریٰ ) نے جامعہ ریاض الصالحات اعظم پورہ میں ایک خصوصی اجتماع کے دوران کیا ۔ مولانا نے کہا کہ آج گفتگو کرنے والے خطبہ دینے والوں کی کمی نہیں ہے لیکن ضرورت اس بات کی ہے کہ اپنے کردار کو سنواریں ۔ دنیا کے حالات بظاہر اسلام اور مسلمانوں کیلئے پریشان کن ضرور ہیں لیکن دوسری طرف امت بیدار ہورہی ہے ۔ ہر محاذ پر کام ہورہا ہے ۔ اسلامی انقلاب کی راہیں ہموار ہورہی ہیں ۔ قابل مبارکباد ہیں وہ لوگ جو مسلم طالبات کیلئے تعلیم و تربیت کا انتظام کررہے ہیں ۔ جناب اعظم بیگ سکریٹری جامعہ نے مہمانوں کا استقبال کیا ۔ اس موقع پر مولانا احمد محی الدین نظامی صدر جامعہ اور جناب اظہر الدین سکریٹری جماعت اسلامی تلنگانہ بھی موجود تھے ۔۔