برج بھوشن کے خلاف جنسی ہراسانی کے معاملے میں عدالتی کاروائی کے لئے کافی ثبوت۔ دہلی پولیس

,

   

خاتون پہلوانوں کے ساتھ جنسی ہراسانی کے الزامات کا سنگھ کو سامنا ہے
نئی دہلی۔بی جے پی کے رکن پارلیمنٹ اور رسلنگ فیڈریشن آف انڈیا(ڈبلیو ایف ائی) کے سابق صدر برج بھوشن سنگھ کے خلاف عدالتی کاروائی کے لئے کافی ثبوت پیش کرنے کا عدالت میں دہلی پولیس نے دعوی پیش کیاہے۔

خاتون پہلوانوں کے ساتھ جنسی ہراسانی کے الزامات کا سنگھ کو سامنا ہے۔ ایڈیشنل چیف میٹرو پولٹین مجسٹریٹ ہرجیت سنگھ جسپال کو دہلی پولیس نے یہ جانکاری دی ہے کہ سنگھ او رشریک مجرم ڈبلیو ایف ائی کے اسٹنٹ سکریٹری کے عہدے سے برطرف ونود تومر کے خلاف ایک واضح معاملہ ہے۔

پولیس کی نمائندگی کرنے والے پبلک پراسکیوٹر اتل سریواستونے اس بات پر زوردیاکہ ملزمین پر چارج شیٹ میں درج جرائم کے مطابق فرد جرم عائد کیا جانا چاہئے۔ انہوں نے عدالت کو بتایاکہ ”مذکورہ شواہد کافی ہے جس کے تحت سنگھ کے خلاف ائی پی سی کی دفعات 354‘ 354اے اور 354ڈی کے مطابق مقدمہ چلایاجائے“۔

شکایت کنندگان کے وکیل کے الزامات سے متعلق اپنے دلائل پیش کرنے اجازت دینے کے لئے عدالت 19اگست کو دوبارہ اجلاس منعقد کریگی۔ عدالت نے اپنے احکامات میں کہاکہ ”سریواستو نے اس بات کو پیش کرتے ہوئے دلائل کا آغاز کردیا ہے کہ دفاعی وکیل کی جانب سے پیش کی گئی گذارشات قابل دفاع نہیں ہیں“۔

اس میں کہاگیاہے کہ ”سب سے پہلے یہ استدلال وکیل نے سی آر پی سی کی دفعہ 188کے لئے بطور حوالہ دیا ہے کہ دفعہ188اس وقت لاگو ہوتا ہے جب جرم ہندوستان کے باہر انجام دیاجاتا ہے بصورت دیگر اس کا اطلاق نہیں ہوتا“۔

اس میں مزید کہاگیاہے کہ ”دوسری دلیل یہ دی جاتی ہے کہ زیر بحث جرم جزوی طور پر دہلی او رکچھ باہر ہوئے ہیں اور اس لئے دہلی عدالت کا دائرہ اختیار ہوگا۔ تیسرا یہ استدلال دیاجاتا ہے کہ ہاتھ میں موجود معاملہ سیکشن 354ائی پی سی کے تحت آتا ہے اور سیکشن 468(3)سی آر پی سی کا سہارا لیتے ہوئے‘ حد بندی پر کوئی سوال نہیں ہوسکتا ہے“۔

سنگھ او رتومر کو روز ایونیو عدالت نے 18جولائی کے روز عبوری ضمانت دی تھی۔ سنگھ کے خلاف ائی پی سی کی دفعات 354‘354اے اور 354ڈی پر مشتمل معاملے میں دہلی پولیس نے 1000صفحات کی چارج شیٹ عدالت میں دائر کی ہے۔تومر پر ائی پی سی کی دفعات 109‘354‘354اے اور 506کے تحت مقدمہ درج کیاگیاہے۔