بہار اسمبلی انتخابات کیلئے بی جے پی کی مہم کا عملاً آغاز

,

   

امیت شاہ کا ورچول ریالی سے خطاب میں حکومت کی کامیابیوں کا تذکرہ ‘ نتیش کمار کی زیرقیادت تشکیل حکومت کا دعویٰ

نئی دہلی ۔7 جون ۔(سیاست ڈاٹ کام) بی جے پی نے بہار اسمبلی انتخابات کے لئے اپنی مہم کا عملاً آغاز کردیا ہے۔ وزیرداخلہ امیت شاہ نے بہار کے قائدین سے آج خطاب کیا۔ ورچول ریالی سے خطاب میں مرکزی وزیر داخلہ نے کہاکہ این ڈی اے کی زیرقیادت حکومت کے دوران بہار میں ’’جنگل راج سے جنتا راج ‘‘قائم ہوا ہے ۔ اُنھوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ چیف منسٹر نتیش کمار کی زیرقیادت ریاست کے آئندہ اسمبلی انتخابات میں این ڈی اے اتحاد دو تہائی اکثریت حاصل کرے گا اور این ڈی اے کی حکومت قائم ہوگی۔ بہار میں پارٹی کے ورکرس اور عوام سے خطاب کرتے ہوئے اُنھوں نے اپوزیشن آر جے ڈی کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا اور کہاکہ آر جے ڈی جب برسراقتدار تھی اُس وقت ریاست میں شرح ترقی صرف 3.9 فیصد تھی لیکن این ڈی اے کے دور حکومت میں شرح ترقی میں 11.3 فیصد ہوگئی ہے ۔ انھوں نے کہاکہ ریاست ’’لالٹین راج سے ایل ای ڈی راج ‘‘ میں تبدیل ہوچکی ہے۔ اس طرح انھوں نے آر جے ڈی کے انتخابی نشان لالٹین کو تنقید کا نشانہ بنایا۔ امیت شاہ نے این ڈی اے کی کامیابیوں کی طویل فہرست گنائی ، ساتھ ہی یہ بھی کہا کہ اس ورچول ریالی کا بہار اسمبلی انتخابات کی مہم سے کوئی لینا دینا نہیں ہے، اس ریالی کا مقصد ملک میں کورونا وائرس کے خلاف لڑائی میں عوام کو جوڑنا ہے۔ اس مہم کے دوران عوام کو خود انحصار بھارت کے لئے مربوط کرنا ہے۔ امیت شاہ نے بتایا کہ بی جے پی کی جانب سے ایسی 75 ریالیاں کی جائیں گی ۔ امیت شاہ نے چیف منسٹر بہار نتیش کمار اور اور ڈپٹی چیف منسٹر سشیل مودی کی زبردست ستائش کی جو عوام کے لئے مسلسل کام کررہے ہیں لیکن اُن کی کوئی تشہیر نہیں ہورہی ہے ۔ بی جے پی کی ورچول ریالی کے خلاف آر جے ڈی کے احتجاج کو بھی امیت شاہ نے تنقید کانشانہ بنایا اور کہاکہ اُنھیں ریالی کے انعقاد سے کوئی نہیں روک رہاہے ۔ امیت شاہ نے وزیراعظم نریندر مودی کی زـیرقیادت مرکزی حکومت کے کارناموں کی تفصیلات پیش کی اور بتایاکہ حکومت نے تقریباً 1.25 کروڑ مائیگرینٹس کو اُن کے آبائی مقام تک پہونچایا۔ مائیگرینٹس کی ضرورتوں کو بھی پورا کیا گیا ۔ اُنھوں نے کہاکہ جو مسائل 70 سال میں حل نہیں کئے گئے تھے وہ مودی حکومت میں حل ہوئے ۔

امیت شاہ کی ورچول ریالی کیخلاف احتجاج
نئی دہلی ۔7 جون ۔(سیاست ڈاٹ کام) راشٹریہ جنتادل اور کانگریس نے مرکزی وزیرداخلہ امیت شاہ کی ورچول ریالی کیخلاف احتجاج کیا ۔ بہار کے سابق چیف منسٹر رابڑی دیوی اور پارٹی کے سربراہ تیجسوی یادو نے اس موقع پر برتن اور تھالیاں بجاکر ’’غریب ادھیکار دیوس‘‘ منایا ۔ کانگریس پارٹی نے شہریوں سے کہاکہ وہ شردھانجلی دیوس منائیں اور پوسٹرس پر مختلف نعرے تحریر کئے گئے تھے جن میں ’’ورچول سے ایکچول مدعوں کا انکاؤنٹر‘‘ تحریر کیا گیا تھا۔اس موقع پر کورونا وائرس وباء کے پیش نظر سماجی دوری اور دیگر لاک ڈاؤن قواعد کی پابندی بھی کی گئی ۔