تلنگانہ میں بہت جلدبلدی انتخابات، ٹی آر ایس کی شاندار فتح یقینی

,

   

ٹی آر ایس کے 60 لاکھ ارکان کا اندراج ، رکنیت سازی سے 20 کروڑ روپئے جمع ، پارٹی اجلاس سے کے ٹی آر کا خطاب

حیدرآباد۔/28 اگسٹ( سیاست نیوز) حیدرآباد میں حکمراں ٹی آر ایس کے کارگذار صدر کے ٹی راما راؤ نے چہارشنبہ کو کہا کہ ریاست میں ہونے والے بلدی انتخابات میں ٹی آر ایس ’ بھاری اکثریت ‘ سے فتح حاصل کرے گی۔ کے ٹی راما راؤ آج یہاں اپنی پارٹی کے جنرل سکریٹریز کے ساتھ ایک جامع اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ پارلیمانی حلقوں کی اساس پر جماعت کے انچارج مقرر کئے جائیں گے جو انتخابات میں مقامی ارکان اسمبلی اور دیگر قائدین سے ربط ضبط و تال میل کے ساتھ اپنے امیدواروں کو کامیاب بنانے کیلئے کام کریں گے۔کے ٹی راما راؤ نے کہا کہ ٹی آر ایس بلدی انتخابات کا سامنا کرنے کیلئے پوری طرح تیار ہے اور توقع ہے کہ یہ انتخابات بہت جلد منعقد ہوں گے ’ ہم شاندار فتح ‘ حاصل کریں گے۔ کے ٹی راما راؤ کارگذار صدر تلنگانہ راشٹر سمیتی نے پارٹی قائدین و کارکنوں سے خطاب کے دوران یہ بات کہی اور کہا کہ ریاست میں کسی بھی وقت بلدی انتخابات کے سلسلہ میں اجرائی کا امکان ہے ۔انہو ں نے کہا کہ عدالت میں زیر دوراں مقدمہ میں راحت کے ساتھ ہی ریاست میں بلدی انتخابات کے انعقاد کے سلسلہ میں اعلامیہ کی اجرائی متوقع ہے اسی لئے پارٹی کارکنوں اور قائدین کو اس کیلئے تیار رہنا چاہئے۔ کے ٹی راما راؤ نے 5گھنٹے سے زائد جاری رہنے والے اجلاس میں ریاست کی تمام بلدیات میں تنظیمی صورتحال کا جائزہ لیا ۔کے ٹی آر نے کہا کہ جون کے اواخر میں شروع کردہ ٹی آر ایس کی رکنیت سازی مہمکے دوران تاحال 60 لاکھ ارکان کا اندراج کیا گیا اور رکنیت سازی فیس کی شکل میں 20 کروڑ روپئے جمع ہوئے جو ارکان کے انشورنس کیلئے استعمال کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ جاریہ ماہ کی 31تاریخ تک تنظیمی عہدوں پر نامزدگیو ںکو مکمل کرلیاجائے گا اور پارٹی کی جانب سے بلدیاتی سطح پر کئے جانے والے فیصلوں کے لئے علحدہ کمیٹیوں کی تشکیل کے متعلق غور کیا جا رہاہے ۔ کارگذار صدر تلنگانہ راشٹر سمیتی نے دعوی کیا کہ ریاست میں مجوزہ بلدی انتخابات میں تلنگانہ راشٹر سمیتی کو زبردست کامیابی حاصل ہوگی اور اس کامیابی کیلئے کارکنوں کو تیار کیاجائے گا جو کہ عوام اور حکومت کے درمیان رابطہ کار ہوں گے۔ کے ٹی راما راؤ نے کہا کہ ریاست میں تلنگانہ راشٹر سمیتی کی کمیٹیوں کی تشکیل کے بعد سنتوش کمار‘ مسٹر پی راجیشور ریڈی ‘ ایس سبھاش ریڈی اور مسٹر شرون کمار ریڈی پر مشتمل کمیٹی کی تشکیل عمل میں لائی گئی ہے جو ان کمیٹیوں کو تربیت فراہم کرے گی۔ انہوں نے مزید بتایا کہ ریاست کے تمام اضلاع میں جاری ٹی آر ایس کے ضلعی دفاتر کی تعمیر کا جائزہ لیا جا رہاہے اور بہت جلد ان تعمیراتی کاموں کو مکمل کرلیاجائے گا۔کے ٹی راما راؤ نے کہا کہ ریاست تلنگانہ میں کسی بھی انتخابات کا مقابلہ کرنے کیلئے تلنگانہ راشٹر سمیتی ہمیشہ تیار ہے ۔ انہو ںنے کہا کہ ٹی آر ایس کارکن ریاست میں بلدی انتخابات کے سلسلہ میں پورے جوش و خروش کے ساتھ تیاریاں کر رہے ہیں اور انہیں اس بات کا یقین ہے کہ تلنگانہ میں عوام ٹی آر ایس کے ساتھ ہیں اور وہ بلدی انتخابات میں بھی ٹی آر ایس کے امیدوارو ںکو بھاری اکثریت سے کامیاب بنائیں گے۔ کے ٹی راما راؤ نے کہا کہ ریاست میں کسی بھی سیاسی جماعت کو عوامی تائید حاصل نہیں ہے کیونکہ تلنگانہ راشٹر سمیتی کی رکنیت سازی مہم کے دوران جو عوامی رد عمل رہا ہے اس کے سبب دیگر سیاسی جماعتوں کے قائدین کے حوصلے پست ہوچکے ہیں۔