تلنگانہ میں ٹیکہ اندازی کے اہل 50 فیصد افراد کا احاطہ مکمل

,

   

۔ 30 فیصد افراد کو دوسری خوراک دینا باقی، کورونا کی تیسری لہر سے نمٹنے ٹیکہ اندازی پر حکام کی توجہ
حیدرآباد۔6 ۔اگست (سیاست نیوز) تلنگانہ میں کورونا کی امکانی تیسری لہر سے نمٹنے کیلئے حکومت نے ٹیکہ اندازی پر توجہ مرکوز کی ہے جس کے حوصلہ افزاء نتائج برآمد ہوئے ہیں۔ محکمہ صحت کے عہدیداروں نے دعویٰ کیا ہے کہ ریاست میں ٹیکہ اندازی کے اہل 50 فیصد افراد کی ٹیکہ اندازی مکمل ہوچکی ہے اور ان میں سے بیشتر نے ویکسین کی پہلی خوراک حاصل کرلی ۔ محکمہ صحت کے اعداد و شمار کے مطابق تلنگانہ میں 2.20 کروڑ افراد کورونا ویکسین کیلئے اہل قرار دیئے گئے ہیں۔ ان میں سے 1.13 کروڑ نے پہلی خوراک حاصل کرلی جبکہ 36 لاکھ نے دوسری خوراک بھی حاصل کرلی ہے ۔ عہدیداروں کا کہنا ہے کہ دیگر ریاستوں کے مقابلہ ٹیکہ اندازی کا عمل تلنگانہ میں تیز ہوا ہے۔ موجودہ صورتحال میں امید کی جارہی ہے کہ کورونا کی امکانی تیسری لہر تلنگانہ میں زیادہ مہلک ثابت نہیں ہوگی۔ ٹیکہ حاصل کرنے سے قوت مدافعت میں اضافہ ہوا ہے جس کے نتیجہ میں وائرس کا اثر نہیں ہوگا۔ محکمہ صحت کے عہدیداروں کا دعویٰ ہے کہ کورونا ویکسین کی دونوں خوراک حاصل کرنے والوں میں قوت مدافعت غیر معمولی پائی گئی اور ان پر وائرس کا اثر شائد ہی ہوپائے۔ ماہرین نے دیگر ریاستوں کے مقابلہ تلنگانہ میں کورونا کی تیسری لہر کے مہلک ثابت ہونے کے اندیشوں کو مسترد کردیا ہے ۔ ان کاکہنا ہے کہ اگرچہ دونوں خوراک حاصل کرنا ضروری ہے لیکن ایسے افراد جنہوں نے پہلی خوراک حاصل کی ہے ، وہ کافی عرصہ تک وائرس سے مقابلہ کرسکتے ہیں۔ چندی گڑھ کے ایک ادارہ کی تحقیق کے مطابق کووی شیلڈ ویکسین حاصل کرنے والے افراد میں وائرس سے مقابلہ کی صلاحیت 75 فیصد سے زائد پائی گئی ۔ بھلے ہی ایک ٹیکہ لیں یا دونوں ٹیکہ حاصل کرنے والے وائرس سے محفوظ رہ پائیں گے ۔ تاہم انہیں احتیاطی تدابیر کو بدستور جاری رکھنا ہوگا۔ کورونا ویکسین کے بارے میں ملک میں کئے گئے اور بھی ریسرچ 65 فیصد تک ویکسین سے بچاؤ کا بھروسہ دلا رہے ہیں۔ عہدیداروں نے بتایا کہ 30 فیصد افراد کو ویکسین کی دوسری خوراک دی جاچکی ہے۔ تلنگانہ کو جولائی میں 30 لاکھ ویکسین کی خوراک حاصل ہوئی اور امید کی جارہی ہے کہ جاریہ ماہ مزید 30 لاکھ خوراک حاصل ہوگی۔ محکمہ صحت آئندہ چند ہفتوں میں کورونا کی دوسری خوراک پر توجہ مرکوز کرے گا۔ ڈائرکٹر پبلک ہیلت ڈاکٹر سرینواس راؤ نے عوام سے اپیل کی کہ وہ بہر صورت ویکسین حاصل کریں چاہے وہ کووی شیلڈ ہو یا کو ویکسین ۔